وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کوہاٹ اولڈ پولیس لائنز میں دھماکے کا نوٹس، واقعے کی شدید مذمت

پشاور(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے کوہاٹ اولڈ پولیس لائنز میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
سہیل آفریدی کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ دہشت گردی کا یہ بزدلانہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ قبول ہے۔ معصوم شہریوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ہسپتالوں میں زخمیوں کے فوری علاج معالجے سمیت تمام ضروری طبی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ شدید زخمیوں کو ضرورت کے مطابق دیگر ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے لیے بھی فوری انتظامات کیے جائیں۔ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔ عوام اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
