مریم نوازشریف کو یقین کر لینا چاہئے کہ جہاز کا معاملہ رُکنے والا نہیں ہے، عمران شفقت


لاہور (قدرت روزنامہ) صحافی عمران شفقت کا کہنا ہے کہ حکومتی رولز آف بزنس کے مطابق وزیراعلی ذاتی طور پر سرکاری وسائل کا استعمال نہیں کرسکتیں۔ ہم نیوز کے پروگرام میں انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مریم نواز شریف کو یقین کر لینا چاہئے کہ جہاز کا معاملہ رُکنے والا نہیں ہے، میں نے پنجاب حکومت کے رولز آف بزنس نکال کر دیکھے ہیں، وزیراعلی سرکاری وسائل کا استعمال ذاتی یا نجی طور پر نہیں کرسکتیں، اس کے پاس سرکاری وسائل کا استعمال کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔
ابھی یہ بھی نہیں معلوم کہ پیسے کس اکاؤنٹ سے جمع کروائے گئے ہیں۔ کیونکہ اگر ان کے سالانہ اثاثوں کو دیکھا جائے تو انتخابی گوشواروں کے مطابق مریم نواز شریف کی سالانہ آمدن 36 لاکھ روپے تھی۔
سوالات تو کئی ہیں جن کا انہیں جواب دینا پرے گا۔

اسی طرح سیاسی رہنماء سابق وزیر اسد عمر نے ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ مریم بی بی نے فخر سے کہا کہ میں نے پونے 3 کروڑ لندن جہاز لے جانے پر خرچ کئے۔
بی بی آپ کے صوبہ میں حکومتی رپورٹ کے مطابق ایک کروڑ مزید لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں اللہ کا خوف نہیں آتا اس طرح شاہ خرچیاں کر کے پھر فخر سے اس پر ڈھنڈورا پیٹتے ہوئے جب آپ کے صوبہ کے عوام اتنی شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہوں؟ اسی طرح سینئر صحافی حامد میر نے جیو نیوز میں اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بڑا تلخ لہجہ تھا، انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بڑی تکلیف ہے کہ وزیراعلیٰ اپنے جہاز پر لندن کیوں گئیں؟ انہوں نے تنقید کرنے والوں پر الزامات بھی لگائے ہیں۔
لیکن ان کی خدمت میں عرض ہے کہ آپ کے مئوقف میں کافی تضاد پایا جاتا ہے، لہذا وزیراعلیٰ پنجاب اپنے بیانات میں تضاد پر خود ہی غور کریں، کچھ دن پہلے انہوں نے لندن میں فرمایاتھا کہ وہ چھٹی پر ہیں آج اپنے سرکاری جہاز کے ذاتی استعمال کو جائز ثابت کرنے کے لیے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کبھی چھٹی پر نہیں ہوتا۔ ان کی ساتھی وزراء کے بیانات بھی آپس نہیں ملتے ایک وزیر صاحبہ نے کہا تھا کہ یہ جہاز ائر پنجاب کے لئے خریدا گیا ، ہم نے ایک فلیٹ بنانی ہے، ایئرپنجاب کیلئے ہمیں جہاز خریدنا پڑیں گے یا پھر لیز پر لینا پڑیں گے۔
دوسری جانب وزیراعلی مریم نوازشریف نے جلسہ عام میں جہاز کے کرائے کی ادائیگی کی رسید دکھا دی ۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ملتان میں الیکٹروبس کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیٹی کی گریجوایشن کی تقریب میں جانے کیلئے جہاز کے استعمال پر پونے تین کروڑ روپے ادا کئے ہیں – جہاز کے ایندھن، پارکنگ اور دیگر واجبات اپنی جیب سے ادا کئے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert