کوئٹہ، بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹی دودھ کے خلاف خصوصی مہم جاری، 570 لیٹر دودھ اور 200 کلو دہی تلف


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر ملاوٹی اور غیر صحت بخش دودھ و دہی کی فراہمی کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی خصوصی مہم تیسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری رہی۔ بی ایف اے کی مختلف انسپیکشن ٹیموں نے کوئٹہ کے متعدد علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دودھ کی دکانوں، دودھ بردار گاڑیوں و موٹر سائیکلوں اور گھروں میں قائم دودھ کے یونٹس کی خصوصی چیکنگ کی۔ ترجمان بی ایف ایکے مطابق کارروائیوں کے دوران رئیسانی روڈ، طوغی روڈ، علمدار روڈ، جان محمد روڈ، سی پیک روڈ اور نواں کلی بائی پاس میں مجموعی طور پر 19 دودھ کی دکانوں، 52 دودھ بردار گاڑیوں/موٹر سائیکلوں اور گھروں میں قائم 3 یونٹس کا معائنہ کیا گیا۔ملاوٹی دودھ کی فروخت پر 16 یونٹس پر جرمانے عائد جبکہ سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب 2 مقامات کو سیل کر دیا گیا۔کارروائیوں کے دوران بی ایف اے کی موبائل لیبارٹریز کے ذریعے موقع پر دودھ کے معیار کی فوری جانچ کی گئی۔ مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 16,150 لیٹر دودھ کا معیار چیک کیا گیا، جس میں سے ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری قرار پانے والا 570 لیٹر دودھ تلف کر دیا گیا۔ اسی طرح 360 کلو دہی بھی چیک کیا گیا، جس میں ملاوٹ اور ناقص معیار کے باعث 200 کلو دہی تلف کیا گیا۔موبائل لیبارٹری ٹیسٹنگ کے دوران تلف کیے گئے دودھ و دہی میں پانی اور اسکمڈ ملک کی ملاوٹ کے کیسز سامنے آئے۔ مختلف نمونوں میں دودھ کے اندر 10 فیصد، 14 فیصد، 20 فیصد اور 37 فیصد تک پانی کی ملاوٹ پائی گئی جبکہ بعض کیسز میں اسکمڈ ملک کی ملاوٹ بھی ثابت ہوئی۔بی ایف اے کے مطابق کارروائیوں کے دوران متعدد مراکز پر بغیر لائسنس کاروبار، ناقص صفائی، آلودہ دودھ کے کین، غیر مناسب اسٹوریج اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی سمیت دیگر فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیاں بھی سامنے آئیں جس پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ دودھ اور دہی میں ملاوٹ کے خلاف جاری خصوصی مہم کا مقصد شہریوں کو معیاری، محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ مہم کے دوران موقع پر جدید موبائل لیبارٹریز کے ذریعے دودھ کے معیار کی تفصیلی جانچ کا سلسلہ بھی جاری رکھا جا رہا ہے۔ترجمان بی ایف اے نے واضح کیا کہ ملاوٹی و غیر صحت بخش دودھ اور دہی کی فراہمی کے خلاف خصوصی مہم مسلسل جاری رہے گی اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر و مراکز مالکان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert