سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فضائی حملے کا الرٹ، دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں

حوثیوں کے حملوں میں شدت کے بعد پہلی مرتبہ ریاض میں فضائی خطرے کی وارننگ جاری، شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت، بعد ازاں خطرہ ٹلنے کا اعلان


ریاض(قدرت روزنامہ)سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فضائی حملے کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر ہنگامی الرٹ جاری کردیا گیا، جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کے مطابق ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق 3 بجے سے کچھ دیر قبل سعودی دارحکومت ریاض کے شہریوں کو موبائل فون پر فضائی خطرے سے متعلق پیغامات موصول ہوئے، جن میں انہیں گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی گئی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے نمائندے نے ریاض کے علاقے العلیا میں دو دھماکوں کی آوازیں سننے کی تصدیق کی۔ سعودی محکمہ شہری دفاع نے تقریباً آدھے گھنٹے بعد خطرہ ٹلنے کا اعلان کردیا۔ ریاض کے علاوہ الخرج میں بھی الرٹ جاری کیا گیا تھا۔
یہ جولائی میں یمن کے حوثی باغیوں اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد پہلا موقع ہے جب دارالحکومت ریاض میں اس نوعیت کا فضائی حملے کا الرٹ جاری کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی جانب سے یمن میں فضائی کارروائیوں میں اضافے کے بعد جوابی حملوں کی دھمکی دی تھی۔ تاہم سعودی حکام نے فوری طور پر یہ واضح نہیں کیا کہ ریاض میں فضائی خطرے کی نوعیت کیا تھی اور دھماکوں کی اصل وجہ کیا بنی۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے سعودی عرب کی شہری اور توانائی تنصیبات پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کشیدگی میں مزید اضافہ علاقائی امن اور بین الاقوامی تجارت کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی جانب سے یمن میں فضائی کارروائیوں میں اضافے کے بعد جوابی حملوں کی دھمکی دی تھی۔ تاہم سعودی حکام نے فوری طور پر یہ واضح نہیں کیا کہ ریاض میں فضائی خطرے کی نوعیت کیا تھی اور دھماکوں کی اصل وجہ کیا بنی۔

WhatsApp
Get Alert