گاڑی کی نمبرپلیٹ نے قسمت بدل دی، خاتون نے ایک لاکھ ڈالر جیت لیے

ورجینا(قدرت روزنامہ)امریکی ریاست ورجینیا کے شہر نورفوک کی ایک خاتون نے گاڑی کی نمبر پلیٹ پر نظر آنے والے نمبروں کو لاٹری ٹکٹ میں استعمال کیا اور حیران کن طور پر ایک لاکھ ڈالر کا انعام جیت لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق خاتون نے لائسنس پلیٹوں پر ایک ہی نمبروں کا سیٹ بار بار دیکھا ، ان نمبروں 6، 1، 1، 8 اور 0 نے ان کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی تو انہوں نے انہی نمبروں کو لاٹری میں آزمانے کا فیصلہ کرلیا۔
انہوں نے ایک قرعہ اندازی کے لیے آن لائن دو لاٹری ٹکٹ خریدے اور دونوں ٹکٹوں پر یہی نمبرز درج کیے ، قسمت نے بھی ایسا ساتھ دیا کہ دونوں ٹکٹوں پر وہی نمبرز نکل آئے۔
یوں خاتون نے 50، 50 ہزار ڈالر کے دو انعامات جیت لیے اور مجموعی طور پر ایک لاکھ ڈالر کی رقم ان کے نام ہوگئی۔
ورجینیا لاٹری حکام کے مطابق، خاتون نے جیت کا لمحہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب انہوں نے نتائج میں صفر دیکھے تو انہیں لگا شاید وہ ڈبل دیکھ رہی ہیں تاہم جب انہیں یقین ہوا کہ واقعی دونوں ٹکٹ انعام جیت چکے ہیں تو وہ خوشی سے چلانے لگیں۔
گاڑی کی نمبر پلیٹ پر نظر آنے والے چند نمبرز کو محض اتفاق سمجھنے کے بجائے لاٹری ٹکٹ میں استعمال کرنا خاتون کے لیے غیر معمولی طور پر خوش قسمت ثابت ہوا۔
