مسلم لیگ ن نئے صوبوں کے معاملے پر واضح پالیسی نہیں دے رہی، پارٹی میں اختلاف ہے، مظہر عباس


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سینئر صحافی مظہر عباس نے جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نئے صوبوں کے معاملے پر واضح پالیسی نہیں دے رہی، پارٹی میں اختلاف ہے، نواز شریف اور مریم نواز اس معاملے پر سیاسی نقصان کے خدشات رکھتے ہیں اس لیے ابھی تک ان کی طرف سے اس معاملے پر کوئی واضح پالیسی نظر نہیں آئی ، حتمی فیصلہ ریفرنڈم کی طرف جاتا ہے تو پارٹی کو کوئی نہ کوئی پوزیشن لینا پڑے گی،
مزید انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں صوبوں کے معاملے پر اختلاف تو پایا جاتا ہے، محسن نقوی اور رانا ثنا اللہ کے علاوہ اس معاملے میں ایک اہم کردار اسپیکر پنجاب اسمبلی احمد خان کا ہے، اور وہ صوبوں کے حق میں ہیں، لیکن دیکھنا یہ ہے کہ جب حتمی فیصلہ کیا جائے گا تو اس میں کیا ہوگا، اگر لوگوں کی رائے نئے صوبوں کے حق میں آتی ہیں تو مسلم لیگ جائے گی اس معاملے کی طرف چاہے وہ ریفرنڈم کی شکل میں ہو یا پارٹی کے اندر کی صورتحال ہو اس میں، لیکن اگر ہم نواز شریف کی بات کریں تو انہیں یہ نظر آتا ہے کہ اس معاملے سے نہ صرف ان کو سیاسی نقصان ہوگا بلکہ پارٹی کو بھی سیاسی نقصان ہوگا، تو اس وجہ سے پارٹی کے اندر اختلاف ہے، اور مریم نواز کی بھی اس حوالے سے یہی سوچ ہے جو میاں نواز شریف کی ہے، اس لیے ابھی تک ان کی طرف سے اس معاملے پر کوئی واضح پالیسی نظر نہیں آئی۔
مظہر عباس کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ نواز شریف اور شہباز شریف دونوں کے قریب ہیں اس لیے ان کی جو رائے ہے اس سے یہ لگتا ہے اس معاملے سے پارٹی کو بہت سارا سیاسی نقصان ہوگا، لیکن ملک احمد خان کی سوچ اس حوالے سے مختلف نظر آتی ہے، اور اگر حتمی فیصلہ ریفرنڈم کی طرف جاتا ہے تو پھر پارٹی کو کوئی نہ کوئی پوزیشن تو لینی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی سیاست کو دیکھ کر یہی لگتا ہے کہ یہ اسی طرف جائیں گے جہاں ان کو کہا جائے گا، اور بات اگر ریفرنڈم یا صوبوں کی طرف جائے گی تو جو گروپ اس کے مخالف ہوگا تو وہ شاید پارٹی کے اندر اقلیت میں ہوگا۔
مظہر عباس کا کہنا تھا کہ اس معاملے کی اتنی ہائپ بنی ہوئی ہے لیکن حکومتی جماعت کی طرف سے کوئی واضح پالیسی سامنے نہیں آرہی، نہ ہی کوئی پارٹی کا اندرونی اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے، نواز شریف مسلسل اس معاملے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، شہباز شریف بھی اس معاملے پر واضح نظر نہیں آتے، جب کہ وزرا جو ہیں وہ اس معاملے پر اپنی لائنز لے رہے ہیں، اور ان کے بیانات اور آرا میں بھی اختلاف نظر آتا ہے، تو واضح طور پر مسلم لیگ ن اس معاملے پر تقسیم ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے، حتمی فیصلہ کیا ہوگا اس کے لیے ہمیں تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا۔

WhatsApp
Get Alert