’بھائی لوگ‘ عمران خان سے بھی کوئی معاملہ کرنے میں ناکام رہے ہیں، حفیظ اللہ نیازی
جس دلدل میں ریاست دھنسی ہے، کسی انتہائی پیشہ ور رفیق بلکہ کسی معتمدِ خاص نے موقع پر اس کو اس دلدل میں دھکیلا ہے، جس سے ریاست کا نکلنا ناممکن ہے؛ معروف کالم نگار اور تجزیہ کار کا بیان

لاہور(قدرت روزنامہ) معروف کالم نگار اور تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی نے پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی تمام بہنوں کی گرفتاریوں اور ملک میں جاری آئینی و سیاسی بحران پر دعویٰ کیا ہے کہ ہائبرڈ نظام اور اس کے مرکزی کرداروں کی مدتِ معیاد وقت سے پہلے ہی ختم ہو چکی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک کالم نما بیان میں حفیظ اللہ نیازی نے لکھا کہ خاکم بدہن کیا ملک ’’پُگ‘‘ چکا ہے؟ عمران خان کی باقی دو بہنوں کو بھی علی الصبح گرفتار کرلیا گیا ہے، فرسٹریشن ایک ایسی بیماری ہے جس کا اپنا ایک قاعدہ قانون ہوتا ہے اور اس وقت ہماری مقتدرہ اسی کی گرفت میں ہے مگر طاقت کا نشہ اور گھمنڈ سچائی دیکھنے کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔
“خاکم بدہن، کیا ملک “پُگ” چکا ہے۔
عمران خان کی باقی دو بہنوں کو بھی علی الصبح گرفتار کر لیا گیا ہے۔”
فریسٹریشن ایک بیماری ہے اور اس کا اپنا ایک قاعدہ قانون ہے۔ ہماری مقتدرہ اُس کی گرفت میں ہے۔ اگرچہ ان کی فریسٹریشن اپنے جوبن پر ہے، اپنے رنگ جما رہی ہے، مگر طاقت کا گھمنڈ اور نشہ…— Hafeezullah K Niazi (@hafeezullah_k) September 21, 2026
انہوں نے نظام کے اندر موجود گہری وارداتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا کسی بہی خواہ نے مقتدرہ کے ”گوڈے گٹوں“ میں سرایت کرکے اس عظیم طاقت کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں؟ مقتدرہ کی غلام گردشوں میں بیٹھ کر جس نے بھی حال ہی میں ”نئے صوبوں کے پراجیکٹ کا اسکرپٹ“ تیار کرکے وزیرِ داخلہ کو پڑھوایا، یہ بالکل ویسا ہی جال ہے جیسا 13 مارچ 2007ء کو جنرل مشرف کے سامنے افتخار چوہدری کو بٹھا کر طاقت کے گھمنڈ کا اسکرپٹ نافذ کروایا گیا تھا۔
تجزیہ کار نے دعویٰ کیا کہ مقتدرہ کی سیاسی موافقت اور مخالفت کی جنگ میں اب ریاست کی جان پھنس چکی ہے، ایک طرف مولانا فضل الرحمان، نواز شریف اور آصف زرداری نے اپنی چھریاں تیز کر رکھی ہیں تو دوسری جانب جیل کے اندر سے عمران خان نے اپنے مدِ مقابل بیٹسمین کو مکمل طور پر کارنر کیا ہوا ہے، آخری خبریں یہی ہیں کہ ’’بھائی لوگ‘‘ عمران خان سے بھی کوئی معاملہ کرنے میں مکمل ناکام رہے ہیں۔
حفیظ اللہ نیازی مزید لکھتے ہیں کہ جس دلدل میں ریاست دھنسی ہے، کسی انتہائی پیشہ ور رفیق بلکہ کسی معتمدِ خاص نے موقع پر اس کو اس دلدل میں دھکیلا ہے، جس سے ریاست کا نکلنا ناممکن ہے، سیاسی جماعتوں کے اندر مقتدرہ کے جو مہرے عمران خان، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو اندر خانے دھوکہ دے رہے تھے، آنے والے دنوں میں وہ اپنی تمام تر افواہیت اور وجود کھو چکے ہوں گے، جبکہ یہ ہائبرڈ نظام وقت سے پہلے دم توڑ چکا ہے۔
