علامہ ناصر عباس نے سپیکر قومی اسمبلی کا مؤقف جھوٹ پر مبنی قرار دے دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اپوزیشن لیڈر سینیٹ اور مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے بیان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے ان کے دعوے کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا اور کہا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے نہ ان سے اور نہ ہی محمود خان اچکزئی سے کوئی رابطہ کیا گیا تھا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس نے اسپیکر قومی اسمبلی کے حالیہ انٹرویو پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا، انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں بدقسمتی سے جھوٹ، غلط بیانی اور ضمیر کے خلاف بیانات دینے کا رواج عام ہو چکا ہے، اسپیکر کی جانب سے کانفرنس کال اور اپوزیشن رہنماؤں کے خوف سے عمران خان سے نہ ملنے کے تمام دعوے من گھڑت ہیں، ہمیں میڈیا کے ذریعے ہی ان کے اس بیان کا پتہ چلا۔
اپوزیشن لیڈر علامہ ناصر عباس کی پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو / اسپیکر قومی اسمبلی کے موقف کو جھوٹ پر مبنی قرار دے دیا،،پاکستان کی سیاست میں بدقسمتی سے جھوٹ بہت آگیا ہے ,یہاں غلط بیانی اور اپنے ضمیر کے خلاف بیانات دیے جاتے ہیں،اسپیکر قومی اسمبلی کے انٹرویو میں کی گئی گفتگو کی… pic.twitter.com/XEh8b6CZeX
— Ali Tanoli (@alitanoli889) September 23, 2026
علاوہ ازیں عدالتی نظام پر تنقید کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کوئی احسان نہیں بلکہ اپنا آئینی اور قانونی حق مانگ رہے ہیں، اگر انصاف فراہم کرنے والوں کو خدا کا خوف ہے تو یاد رکھیں ایک وقت میں یہ عدالتیں رات 12 بجے بھی کھولی گئی تھیں، لیکن آج دن کے اجالے میں انصاف فراہم کرنے کے لیے عدلیہ کا دروازہ بند نظر آتا ہے۔
تحریکِ انصاف کے 27 ستمبر کے احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ملک میں اس وقت عجیب اور ناانصافی پر مبنی صورتِ حال ہے جہاں تمام سیاسی جماعتوں کو احتجاج کی مکمل اجازت ہے لیکن ملک کی سب سے بڑی اور مقبول سیاسی جماعت کو جمہوریت کے بنیادی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے، پورے ملک کے عوام دیکھ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کے ساتھ کس طرح کی ناانصافی اور زیادتی کی جا رہی ہے۔
