کوئٹہ میں منشیات فروشوں اور ڈکیتوں کا راج، کھلے عام منشیات کے استعمال سے نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر
موبائل اور موٹر سائیکل چھیننے کی بڑھتی وارداتوں نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا، انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان

چیف جسٹس بلوچستان اور پولیس حکام سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری اور سخت کریک ڈاؤن کا مطالبہ
کوئٹہ (ڈیلی قدرت) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر نے سر اٹھا لیا ہے‘ منشیات کے کھلے عام استعمال سے نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے جبکہ چوریاں اور ڈکیتیاں بڑھنے سے غریب عوام روزانہ موبائل فونز، نقدی اور قیمتی اشیاء سے محروم ہورہے ہیں‘شہریوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ اس وجہ سے بھی ہو رہا ہے کہ نوجوانوں کو کھیل اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع نہیں ملتے‘ کوئٹہ کی اہم شاہراہوں اور علاقوں میں منشیات کے کھلے عام استعمال اور فروخت نے انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان کھڑا کردیا ہے‘‘علاقہ مکینوں نے کہا کہ آئے روز موبائل فون اور موٹرسائیکل چھیننے کے واقعات نے عوام کو شدید ذہنی کوفت میں مبتلا کر رکھا ہے‘ انہوں نے حکومت، پولیس کے اعلیٰ حکام اور بالخصوص چیف جسٹس بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نوٹس لے کر منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ عوام کو سکون میسر آسکے۔
