ملاوٹی دودھ دہی کے خلاف بی ایف اے کا کریک ڈاؤن، متعدد ڈیری فارمز و دکانوں کی چیکنگ، 4 جرمانہ، 1 ملک شاپ سیل

دودھ میں 21 فیصد پانی تک جبکہ دہی میں اسکمڈ ملک پاؤڈر کی ملاوٹ پکڑی گئی، آکسی ٹوسن انجیکشن کے 12 پیکٹ ضبط


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)ملاوٹی دودھ اور دہی کی فروخت روک تھام کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں ۔کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس اور جتک اسٹاپ پر بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیمز نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ اچانک انسپیکشن کرتے ہوئے متعدد ڈیری فارمز اور ملک شاپس کی جانچ پڑتال کی۔ کارروائی کے دوران دودھ اور دہی میں ملاوٹ سمیت متعدد فوڈ سیفٹی خلاف ورزیاں سامنے آنے پر 4 یونٹس کو جرمانے، ایک ملک شاپ سیل جبکہ آکسی ٹوسن انجیکشن کے 12 پیکٹ ضبط کرلیے گئے۔کارروائی اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سریاب کبیر احمد مزاری اور اسپیشل مجسٹریٹ عزت اللہ کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے کی گئی۔ بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیموں اور موبائل لیبارٹری ٹیم نے مجموعی طور پر 8 ڈیری یونٹس و متعدد ملک شاپس و ملک سپلائرز کا تفصیلی معائنہ کیا۔معائنے کے دوران دو ڈیری فارمز میں غیر صحت بخش صفائی کے حالات، دودھ کی ہینڈلنگ و اسٹوریج کے مقررہ معیار پر عملدرآمد نہ کرنے، ضروری دستاویزات کی عدم دستیابی اور ورکرز کے میڈیکل ریکارڈز موجود نہ ہونے پر جرمانے عائد کیے گئے۔کارروائی کے دوران مویشیوں کو آکسی ٹوسن انجیکشن لگانے کا بھی انکشاف ہوا جس پر آکسی ٹوسن انجیکشن کے 12 پیکٹ موقع پر ضبط کرلیے گئے۔اسی طرح دو ملک شاپس کے دہی میں خشک پاؤڈر کی ملاوٹ پائی گئی جبکہ متعلقہ دودھ فروشوں کے پاس بی ایف اے لائسنس بھی موجود نہیں تھا جس پر دونوں کو جرمانہ کیا گیا۔علاوہ ازیں ایک ملک شاپ میں دودھ میں 21 فیصد پانی جبکہ دہی میں اسکمڈ ملک کی ملاوٹ پائی گئی۔ فوڈ سیفٹی خلاف ورزیوں اور بی ایف اے لائسنس کے بغیر کاروبار کرنے پر مذکورہ ملک شاپ کو سیل کردیا گیا۔بی ایف اے ٹیموں نے ڈیری فارمز مالکان اور دودھ فروشوں کو فوڈ سیفٹی SOPs پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے 2 اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے اور فوڈ سیفٹی تقاضوں کے حوالے سے ضروری رہنمائی فراہم کی۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی حبیب اللہ خان کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری، خالص اور محفوظ دودھ و غذائی اشیاء کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیری فارمز اور ملک شاپس میں صفائی، معیاری ہینڈلنگ، لائسنسنگ اور ملاوٹ سے متعلق فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت کا تحفظ بی ایف اے کی اولین ترجیح ہے اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے فیلڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔

WhatsApp
Get Alert