غریب عوام کی دوائیں لوٹنا عوام دشمنی، مسلح تنظیمیں کس کے مفاد پر ضرب لگا رہی ہیں؟ مولانا ہدایت الرحمن

صحت کے شعبے کو سیاسی مصلحتوں، بدعنوانی اور بدامنی کی نذر نہیں کیا جا سکتا، ہسپتال 3 ماہ سے مفلوج


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ گزشتہ تین ماہ سے رخشان، مکران اور جھالاوان ڈویژن کے ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی متاثر ہے، جبکہ کوئٹہ سے غریب مریضوں کے لیے ادویات لے جانے والی گاڑیوں کو راستے میں لوٹے جانے کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے علاج کے لیے فراہم کی جانے والی ادویات لوٹنا ناقابلِ قبول اور قابلِ مذمت ہے۔ اگر ان کے بقول مسلح تنظیمیں ادویات کی گاڑیوں کو لوٹ رہی ہیں تو یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ غریب عوام کے علاج کے لیے مختص ادویات کو نشانہ کیوں بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادویات کسی سرمایہ دار یا بااثر شخص کی نہیں بلکہ بلوچستان کے غریب عوام کے علاج کے لیے ہیں۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ صاحبِ حیثیت افراد اپنے علاج کے لیے بڑے شہروں یا بیرونِ ملک جا سکتے ہیں، مگر غریب عوام کے لیے سرکاری ہسپتال اور وہاں دستیاب ادویات ہی علاج کا اہم ذریعہ ہیں۔ بلوچستان کے عوام پہلے ہی مناسب طبی سہولیات کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے صحت کے اداروں کو فعال بنانے اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت کے اداروں کی ادویات لوٹنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور ایسے عوام دشمن اقدامات کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔ غریب عوام کی مشکلات اور رکاوٹوں میں مسلسل اضافہ صوبے کے حالات کو مزید خراب کرنے کا سبب بن رہا ہے۔جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے قومی جماعتوں، حقیقی قبائلی عمائدین، سیاسی رہنماں، حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ امن، تحفظ اور انصاف کے لیے مخلصانہ اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کی جان، مال اور عزت و آبرو کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ہسپتالوں تک ادویات کی محفوظ ترسیل یقینی بنائی جائے اور راستے میں ادویات کی گاڑیوں کو لوٹنے کے واقعات کا فوری نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے لاکھوں غریب مریض پہلے ہی بنیادی طبی سہولیات کی کمی کا شکار ہیں، ایسے میں ادویات کی فراہمی میں رکاوٹ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ صحت کے شعبے کو سیاسی مصلحتوں، بدعنوانی اور بدامنی کی نذر نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت ہسپتالوں میں ادویات کی بلاتعطل فراہمی، ان کی حفاظت اور شفاف تقسیم کے لیے مثر نظام تشکیل دے تاکہ غریب مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان اور صحت سے متعلق معاملات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں ہونی چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert