اوپر سے آرڈرز آئیں تو ن لیگ لیٹ جاتی ہے، نجم سیٹھی کا طنز
صدر زرداری نے مشورہ دیا کہ فی الحال خیبرپختونخواہ میں ایمرجنسی یا گورنر راج کا فیصلہ نہ کیا جائے؛ تجزیہ کار کی گفتگو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) معروف تجزیہ کار نجم سیٹھی نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتِ حال اور خیبر پختونخواہ کے بحران پر کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے مشورہ دیا ہے کہ فی الحال خیبر پختونخواہ میں ایمرجنسی یا گورنر راج کا فیصلہ نہ کیا جائے۔
اس حوالے سے دنیا نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے بتایا کہ ’آصف زرداری نے کہا ہے کہ ابھی یہ ایمرجنسی یا گورنر راج کا فیصلہ نہ کریں‘، اس پر میزبان عائشہ ناز نے سوال کیا کہ ’تو کیا ن لیگ گورنر راج یا ایمرجنسی لگانے کے لیے تیار تھی؟‘ اس کا جواب دیتے ہوئے نجم سیٹھی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’مسلم لیگ ن زیادہ مزاحمت نہیں کرتی، جب اوپر سے احکامات آتے ہیں تو ن لیگ لیٹ جاتی ہے‘۔
آصف زرداری نے کہا کہ ابھی نہ کریں، نجم سیٹھی
ن لیگ تیار تھی؟ عائشہ ناز کا سوال
ن لیگ زیادہ مزاحمت نہیں کرتی، جب اوپر سے orders آتے ہیں تو ن لیگ لیٹ جاتی ہے، نجم سیٹھی pic.twitter.com/wdJSQvbi9h— Muhammad Zeeshan Awan (@surrakimuhammad) October 2, 2026
نجم سیٹھی نے تحریکِ انصاف کی حکمتِ عملی پر کہا کہ پی ٹی آئی درحقیقت لانگ مارچ کرنے کا کوئی ارادہ ہی نہیں رکھتی تھی کیونکہ قیادت کو سخت ریاستی ردِعمل اور گرفتاریوں کا شدید خوف تھا، اسی خوف کے پیشِ نظر احتجاج کی تاریخیں بدلی گئیں اور دھرنے کا رخ صوبے کے جنوبی اضلاع کی طرف موڑنے کے بہانے تلاش کیے گئے، پنجاب میں داخلے کا کوئی حقیقی اور حتمی منصوبہ موجود ہی نہیں تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ تمام ہتھکنڈے محض سیاسی ساکھ بچانے کی کوششیں تھیں، لیکن اس کے باوجود حکومت کوئی نرمی یا رعایت دینے کے موڈ میں نہیں، خیبر پختونخواہ کا اصل اور سنگین بحران محض لانگ مارچ نہیں بلکہ صوبے میں ڈیرے ڈالتی ہوئی خوفناک دہشت گردی ہے۔
نجم سیٹھی کہتے ہیں کہ دہشتگردی کے تدارک اور خاتمے کے لیے مبینہ طور پر پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت وفاقی اداروں کے ساتھ مخلصانہ تعاون کرنے سے گریزاں ہے، اسی عدم تعاون کے باعث ایمرجنسی یا گورنر راج جیسے سخت آئینی فیصلوں پر غور ناگزیر ہو چکا تھا اور اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ صوبائی حکومت مذاکرات کے اس آخری دور میں کس حد تک سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہے۔
