قومی ٹیم کی کپتانی فخر کا مقام، قوم کو فتح کا تحفہ دینے کی کوشش کروں گا، صاحبزادہ فرحان

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان ٹی20 کرکٹ اسکواڈ کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی قیادت کا موقع ملنا ان کے لیے انتہائی باعثِ فخر ہے اور وہ ہر میچ میں بہترین کارکردگی دکھا کر قوم کو فتح کا تحفہ دینے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ کپتان کو فرنٹ لائن سے ٹیم کی قیادت کرنا ہوتی ہے اور انہیں پہلی بار قومی ٹیم کی کپتانی کا موقع مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے فخر کا مقام ہے اور وہ اس اعزاز کا بھرپور دفاع کریں گے، جبکہ میدان میں بہترین ممکنہ اسکواڈ اتارا جائے گا۔
قومی کپتان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر دباؤ ضرور ہوتا ہے لیکن اسے سر پر سوار نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ ٹیم شائقین کو مایوس نہیں کرے گی۔

صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ وہ بطور کپتان اور کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے تاکہ قوم کو فتح کا تحفہ دیا جاسکے۔
اسکواڈ کے کمبینیشن سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاداب خان اور فخر زمان کی شمولیت سے ٹیم مزید مضبوط ہوئی ہے اور ان شاء اللہ سیریز میں کامیابی حاصل کریں گے۔
انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو احسن نواز اور معاذ صداقت جیسے جارحانہ بیٹرز کی ضرورت ہے اور وہ خود بھی اسی انداز میں کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ ان کے مطابق قومی ٹیم کا بہترین کمبینیشن بن چکا ہے۔

WhatsApp
Get Alert