پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 66 پیسے سستا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 52 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا
پیٹرول کی نئی قیمت 398 روپے 30 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 396 روپے 24 پیسے مقرر کردی گئی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
بین الاقوامی منڈیوں میں جمعہ کو کاروباری ہفتے کے آخری روز خام تیل کی قیمتوں میں کمی جبکہ سونے، چاندی اور بیشتر زرعی اجناس کی قیمتوں میں اضافے کا عمومی رجحان رہا۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کے تحت خام تیل کے مستقبل کے سودے 1.27 ڈالر کی کمی کے بعد 90.22 ڈالر فی بیرل میں طے پائے، جبکہ برنٹ کروڈ کے سودوں کی قیمت 1.50 ڈالر کی کمی سے 102.78 ڈالر فی بیرل رہی۔
دوسری جانب سونے کی قیمت میں 65.62 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 4,198.12 ڈالر فی اونس ہو گئی۔ اسی طرح چاندی کی قیمت 1.45 ڈالر کے اضافے سے 60.68 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔
زرعی اجناس کی منڈی میں بھی تیزی کا رجحان رہا۔ مکئی کی قیمت 2.25 ڈالر کے اضافے سے 502.50 ڈالر فی بشل جبکہ گندم کی قیمت 2.75 ڈالر بڑھ کر 686 ڈالر فی بشل ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق کاٹن کی قیمت میں 0.78 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زندہ مویشیوں کی قیمت میں 0.22 ڈالر فی یونٹ کی کمی ہوئی۔
