کوئٹہ کو رہزنوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، مولانا محمد شعیب جدون کی ہراسانی اور شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی کی شدید مذمت: جے یو آئی
چیک پوسٹوں پر شہریوں کی تذلیل اور پرامن عوام کو تنگ کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے، منشیات اور فحاشی کے اڈوں کے خلاف مؤثر کارروائی ہو

پولیس ایگل اسکواڈ کی جانب سے ناکوں پر طلباء کی ہراسانی اور رشوت ستانی تشویشناک ہے، دن کے اوقات میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری روکی جائے
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ کوئٹہ کو رہزنوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے اور مولانا محمد شعیب جدون کو ہراسان کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
رہنماؤں نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے، مگر شہر میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتیں حکومتی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیک پوسٹوں پر شہریوں کی تذلیل، بلاجواز روک ٹوک اور ہراسانی کا سلسلہ فوری بند کیا جائے، جبکہ اغبرگ، پنجپائی، ہنہ، نوحصار اور دیگر علاقوں کے پرامن عوام کو دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے نام پر بلاجواز تنگ کرنے سے گریز کیا جائے اور متعلقہ قبائل کی جدی پشتی اراضی کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
جے یو آئی کے رہنماؤں نے شہر میں منشیات فروشی، جسم فروشی کے اڈوں، غیر قانونی شیشہ پوائنٹس اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو تباہی سے بچانا حکومت اور انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پولیس، بالخصوص ایگل اسکواڈ کی جانب سے ناکوں پر طلباء اور نوجوانوں کو مبینہ طور پر ہراسان کرنے اور رشوت وصول کرنے کی شکایات پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرکے شہریوں کی عزتِ نفس اور بنیادی حقوق کا تحفظ کیا جائے۔
