کے پی کے نامزد اضلاع میں ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ قائم کرنے کا حکم

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے کے پی کے نامزد اضلاع میں ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ قائم کرنے کا حکم دے دیا۔
امن، تحفظ، بہتر حکمرانی اور ترقی کیلیے ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت، بنوں، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ قائم ہوگا۔ ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ ایریا ریپریزنٹیٹو و ڈیولپمنٹ کونسل کی نگرانی میں کام کرے گا۔
اس حوالے سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق کونسل نامزد اضلاع کی معزز شخصیات پر مشتمل ہوگی، سربراہی چیئرمین کریں گے، کونسل کے چیئرمین، وائس چیئرمین، ترجمان اور ارکان کی تقرری مقررہ مدت کیلیے ہوگی، سیکریٹریٹ کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکریٹری کریں گے جو ان اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر بھی ہوں گے، نامزد اضلاع میں تعینات افسران اور اہلکار سیکریٹریٹ کے انتظامی کنٹرول میں ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نامزد اضلاع میں مزید تعیناتیوں اور تبادلوں کا حکم ایڈمنسٹریٹر کی سفارش پر وزیر اعظم دیں گے، ایڈمنسٹریٹر نامزد اضلاع میں صوبائی حکومت کے تمام انتظامی اور قانونی اختیارات استعمال کریں گے، ایڈمنسٹریٹر کو گورننس، سیکیورٹی، ترقی اور اداروں کی نگرانی کا مکمل اختیار ہوگا، ایڈمنسٹریٹر سول انتظامیہ، پولیس اور فوجی حکام کو ضروری ہدایات جاری کر سکیں گے۔
اس میں مزید کہا گیا کہ ایڈمنسٹریٹر ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کے آپریشنل اور انتظامی امور سے متعلق احکامات دیں گے، ایڈمنسٹریٹر کے پاس فنڈز کی تقسیم اور منتقلی کے احکامات جاری کرنے کا بھی اختیار ہوگا، مسلح افواج اور صوبائی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری سے سکیورٹی کے امور بہتر بنائے جائیں گے، عوامی تحفظ اور بنیادی خدمات کی فراہمی کیلیے محکموں کی تنظیمِ نو کی جا سکے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کے احکامات کو قانونی حیثیت حاصل ہوگی جو صوبائی حکومت کے پاس ہے، نامزد اضلاع پر آئین کے چند مخصوص احکامات اور کے پی رولز آف بزنس کا اطلاق نہیں ہوگا، وفاقی حکومت کا یہ اہم حکم نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
