عوام اپنے حقوق کیخلاف ایسے اقدامات کو کبھی قبول نہیں کریں گے، بیرسٹر گوہر کا ردعمل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر خان نے خیبر پختونخواہ میں وفاقی حکومت کی جانب سے ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کو شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک انتہائی تشویشناک، سنگین سیاسی غلطی اور غیر جمہوری اقدام قرار دے کر مسترد کردیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے عوام کا جمہوری مینڈیٹ ان کا بنیادی آئینی و قانونی حق ہے، عوامی مینڈیٹ کو نظر انداز کرنے، صوبائی خودمختاری کو کمزور کرنے اور وفاق و صوبے کے درمیان تصادم کی فضا پیدا کرنے سے نہ تو امن قائم ہو سکتا ہے اور نہ ہی ملک میں استحکام آ سکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے پر کسی کو اختلاف نہیں اور اس کا مقابلہ صرف قومی یکجہتی سے ہی ممکن ہے، تاہم صوبوں کو معطل یا کمزور کرکے وفاق کو مضبوط بنانے کا سوچنا خام خیالی ہے، مسائل کا حل طاقت، تصادم یا غیر معمولی اقدامات میں نہیں بلکہ سیاسی بصیرت، آئین کی بالادستی اور بامعنی مذاکرات میں پنہاں ہے، تحریکِ انصاف عوامی مینڈیٹ، صوبائی خودمختاری اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی، قانونی اور سیاسی فورم پر بھرپور آواز اٹھائے گی۔
بیرسٹر گوہر خان نے وفاقی حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ابھی بھی وقت ہے کہ اس غیر آئینی فیصلے کو چند دنوں میں واپس لیا جائے، وفاق اپنی انا کو چھوڑ کر زمینی حقائق کو سمجھے، عوام کے جائز مطالبات تسلیم کرے اور ملک کو مزید سیاسی و معاشی نقصان سے بچائے، فیصلے پر نظرثانی کمزوری نہیں بلکہ قومی مفاد میں دانش مندی کی علامت ہوتی ہے، ورنہ اس کا خمیازہ اور نقصان پورے ملک کو بھگتنا پڑے گا۔
