بولان قومی شاہراہ (N65) پر دو خوفناک ٹریفک حادثات، خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق اور 19 زخمی

مچھ کے قریب کوئٹہ سے آنے والی مسافر وین اور مزدا کا تصادم، وین پل سے نیچے گرنے سے 7 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہو گئے


ڈھاڈر کے قریب دربی کے مقام پر آلٹو کار اور مزدا میں تصادم کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 4 افراد جاں بحق اور ایک زخمی
مقامی پولیس، ایف سی اور ریسکیو اداروں نے لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال مچھ اور ڈھاڈر منتقل کر دیا، شدید زخمی کوئٹہ ریفر
بولان (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بولان میں قومی شاہراہ (N65) پر پیش آنے والے دو الگ الگ دلخراش ٹریفک حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 19 مسافر زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پہلا خوفناک حادثہ مچھ کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آیا جہاں کوئٹہ سے مچھ جانے والی ایک مسافر وین اور مزدا گاڑی کے درمیان شدید تصادم ہو گیا۔ ٹکر اتنی زور دار تھی کہ مسافر وین بے قابو ہو کر پل سے نیچے جا گری، جس کے نتیجے میں موقع پر ہی متعدد مسافر جاں بحق ہو گئے۔ اس حادثے میں کل 7 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوئے ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور رضاکاروں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال مچھ منتقل کیا، جہاں سے حالتِ تشویشناک ہونے پر کئی شدید زخمیوں کو فوری طور پر کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب بولان ہی میں قومی شاہراہ پر ڈھاڈر کے قریب دربی کے مقام پر ایک اور دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جہاں ایک آلٹو کار اور مزدا میں آمنے سامنے ٹکر ہو گئی۔ اس حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون اور بچے سمیت 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کا تعلق سبی سے ہے۔
سول اسپتال ڈھاڈر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر زاہد حسین کے مطابق زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کے لیے کوئٹہ روانہ کر دیا گیا ہے، جبکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر کے سبی روانہ کر دی گئی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert