خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف سینیٹ میں قرارداد جمع، فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ


جمعیت وکلاء فورم پاکستان کے مرکزی صدر سینیٹر کامران مرتضیٰ، سینیٹر مولانا عبدالواسع اور سینیٹر مولانا عطاء الحق درویش کی جانب سے سینیٹ میں قرارداد پیش
قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے آئینی شرائط اور قانونی طریقہ کار پر عمل درآمد کیا جائے، صوبائی خودمختاری اور جمہوری نظام کا تحفظ یقینی بنایا جائے
وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایمرجنسی کے نفاذ کی بنیاد بننے والی سمری، رپورٹس اور دیگر متعلقہ ریکارڈ پارلیمنٹ کے سامنے پیش کیا جائے
اسلام آباد (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت وکلاء فورم پاکستان کے مرکزی صدر سینیٹر کامران مرتضیٰ، سینیٹر مولانا عبدالواسع اور سینیٹر مولانا عطاء الحق درویش نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف سینیٹ میں باضابطہ طور پر قرارداد جمع کروا دی ہے، جس میں ایمرجنسی کے اعلان پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صدرِ پاکستان اور وفاقی حکومت سے فوری طور پر یہ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے آئین میں درج شرائط اور قانونی طریقہ کار پر مکمل عمل درآمد ضروری ہے تاکہ صوبائی خودمختاری، منتخب صوبائی اداروں کے مینڈیٹ، جمہوری نظام اور عوام کے تمام آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ارکانِ سینیٹ کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں وفاقی حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ ایمرجنسی کے نفاذ کی بنیاد بننے والی سمری، رپورٹس، اس کی وجوہات اور دیگر تمام متعلقہ ریکارڈ فوری طور پر پارلیمنٹ کے سامنے پیش کیے جائیں۔
قرارداد میں صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور متعلقہ حکام سے یہ سفارش کی گئی ہے کہ وہ ایمرجنسی کے اعلان اور اس کے نتیجے میں جاری کیے گئے احکامات کا ازسرنو آئینی و قانونی جائزہ لیں اور اس فیصلے کو واپس لینے کے لیے مناسب و فوری اقدامات کریں۔ قرارداد کے آخر میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ آئینی تقاضوں کی پاسداری، صوبائی خودمختاری کا احترام اور جمہوری اداروں کا بقا ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے انتہائی ناگزیر ہے۔

WhatsApp
Get Alert