بنیان المرصوص وہ لگاتے ہیں جو مُتقی ہوں، مظلوم کے ساتھی، چور اور بدمعاش بنیان المرصوص نہیں بناتے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بنیان المرصوص وہ لگاتے ہیں جو مُتقی ہوں، مظلوم کے ساتھی، چور اور بدمعاش بنیان المرصوص نہیں بناتے، یہ پاکستان کو ڈبونے جا رہے ہیں، خیبرپختونخوا کے نوجوانوں سے اپیل ہے کہ جن اضلاع میں ایمرجنسی نافذ نہیں وہاں اپنی جمہوری جدوجہد اور تحریک کو جاری رکھیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنیان المرصوص وہ لگاتے ہیں جو مُتقی ہوں، مظلوم کے ساتھی، چور اور بدمعاش بنیان المرصوص نہیں بناتے، یہ پاکستان کو ڈبونے جا رہے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے نوجوانوں سے میری اپیل ہے کہ جن اضلاع میں ایمرجنسی نافذ نہیں ہے اور جہاں گورنر راج جیسے ڈرامے یا دیگر آفات مسلط نہیں کی گئیں، وہاں وہ اپنی جمہوری جدوجہد اور تحریک کو جاری رکھیں۔
دفعہ 144 کی کوئی پرواہ نہ کریں، کیا اب وہ ہمارے بچوں کو ماریں گے؟

چار کروڑ انسانوں کے حقِ رائے دہی کا مذاق اڑایا گیا ہے۔ یہ ان چار کروڑ عوام کی توہین ہے جنہوں نے الیکشن جیتا تھا۔ جبکہ سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں الیکشن چوری کرنے والے آج مزے سے حکومتیں کر رہے ہیں اور پاکستان کو ایک دودھ دینے والی گائے کی طرح دوہا جا رہا ہے۔
تحریک تحفظ آئینِ پاکستان اس معاملے پر کسی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، ہمیں پاکستان عزیز ہے۔
چیئرمین تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ ہم سول سوسائٹی اور تمام لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ یہ بہت بڑا حملہ ہے۔ ہم سب، جس کو پاکستان عزیز ہے، جس کو جمہوریت عزیز ہے، ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اس بلا کے خلاف اکٹھے ہوں۔

WhatsApp
Get Alert