لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہروں اور شام کی ویڈیوز کو خیبرپختونخوا سے منسوب کیا جا رہا ہے، وزارت اطلاعات نے ثبوت پیش کردیے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزارتِ اطلاعات و نشریات نے خیبرپختونخوا میں بے امنی سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی گمراہ کن ویڈیوز کیخلاف ثبوت پیش کردیے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بے امنی سے متعلق سوشل میڈیا پر گمراہ کن دعوے پھیلائے جا رہے ہیں، لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہروں اور شام کی ویڈیوز کو غلط کیپشنز کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق غلط ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے افراتفری کا تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، افغان اور بھارتی اکاؤنٹس بھی گمراہ کن بیانیے کو ہوا دے رہے ہیں۔
وزارت اطلاعات نے بتایا کہ یہ سرگرمیاں منظم اور غیر ملکی سرپرستی میں پروپیگنڈے کی نشاندہی کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج لگانے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر گمراہ کن ویڈیوز زیر گردش رہیں تاہم وزارتِ اطلاعات و نشریات نے آج ان جھوٹی ویڈیوز کیخلاف ثبوت پیش کردیے۔
تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اورگورنر راج کو عدالت میں چیلنج کرنےکا اعلان کیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سےگفتگو میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں چیلنج کرنا ہماراحق ہے، ایک دن کے اندر عدالت سے رجوع کریں گے، کےپی میں اب تک ہمارے سیکڑوں ورکرز کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
