خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کا نفاذ جمہوریت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے، ’ووٹ کو عزت دو‘ کا نعرہ لگانے والے اب کہاں ہیں؟ میر یونس عزیز زہری
پی ٹی آئی سے اختلافات اپنی جگہ مگر منتخب حکومت کو غیر آئینی طور پر ختم کرنا آمریت ہے، کے پی حکومت فوری بحال کی جائے

پرویز مشرف نے 12 اکتوبر کو شب خون مارا تھا، موجودہ حکمرانوں نے 11 اکتوبر کو جمہوریت پر وار کیا: قائدِ حزبِ اختلاف بلوچستان اسمبلی
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران قائدِ حزبِ اختلاف میر یونس عزیز زہری نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی سخت ترین الفاظ میں مخالفت کرتے ہوئے اس اقدام کو جمہوریت کا گلا گھونٹنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)سے ان کے اور اپوزیشن جماعتوں کے لاکھ سیاسی اختلافات موجود ہیں، مگر منتخب حکومت کو غیر آئینی طریقے سے ختم کرنا کسی طور جمہوری طریقہ نہیں ہے۔میر یونس عزیز زہری نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ووٹ کی عزت کا دعوی کرنے والوں کا دعوی اب کہاں چلا گیا ہے؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کو فوری بحال کر کے جمہوری طریقوں سے حکومت کو چلنے دیا جائے۔ انہوں نے حکمرانوں سے استفسار کیا کہ کیا اس بات کی کوئی گارنٹی ہے کہ اس ایمرجنسی کے نفاذ سے خیبر پختونخوا میں امن قائم ہو جائے گا؟ جمہوری حکومت کا گلہ گھونٹنا جمہوریت اور ملک کی سیاسی بقا کے لیے ہرگز نیک شگون نہیں ہے۔اپوزیشن لیڈر نے تاریخی تقابل کرتے ہوئے کہا کہ اگر جمہوری حکومت بھی ڈکٹیٹروں کی طرح کے اقدامات کرنے لگے تو پھر گلہ کس سے کیا جائے؟ انہوں نے یاد دلایا کہ پرویز مشرف نے 12 اکتوبر کو شب خون مارا تھا اور اب یہ ایمرجنسی بھی 11 اکتوبر کو نافذ کی گئی ہے، جو جمہوریت پر حملے کی تاریخ کو دہراتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی جماعت اور پوری اپوزیشن کی طرف سے اس غیر آئینی عمل کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ میر یونس عزیز زہری نے متنبہ کیا کہ ملک پہلے ہی انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے اور اس نوعیت کے اقدامات سے ملک جمہوری و معاشی طور پر مزید پیچھے چلا جائے گا۔
