تین ماہ کی فیس وصولی پر اسکول سیل کرنے کی زبانی تنبیہ غیر قانونی ہے، ڈی سی کوئٹہ ویسٹ وضاحت کریں ورنہ توہینِ عدالت دائر کریں گے: نجی اسکولز الائنس
صوبے میں 30 لاکھ بچے آؤٹ آف اسکول ہیں جن کا بوجھ پرائیویٹ اسکول اٹھا رہے ہیں، حکومت سہولیات دینے کے بجائے تنگ کرنا بند کرے

سپریم کورٹ کا فیصلہ کورونا کے مخصوص حالات سے متعلق تھا، تحریری و یکساں پالیسی سامنے لائی جائے: ملک رشید کاکڑ و دیگر
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز الائنس کے صدر ملک رشید کاکڑ،جنرل سیکرٹری: محمد نواز پندرانی اور ترجمان حاجی سلیم ناصر نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ نجی اسکولوں کو 3ماہ کی فیس وصول کرنے کے عدالتی فیصلے کی فوری طور پر وضاحت کریں بصورت دیگر بلوچستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز الائنس توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے پر مجبورہونگے ،بلوچستان میں کورونا کے دوران 475پرائیویٹ اسکول بند ہوئے جس سے ہزاروں کی تعداد میں بچوں کا بوجھ بھی پرائیویٹ تعلیم اداروں نے اٹھایا صوبے میں 30لاکھ بچے آؤٹ آف سکول ہیں جنہیں اسکولوں میں لانے کیلئے پرائیویٹ ادارے اپنا بھر پور کردارادا کر رہے ہیں حکومت پرائیویٹ اسکولوں کو سہولیات دینے کی بجائے انہیں تنگ کرنے کا سلسلہ ترک کردے ۔یہ بات انہوں نے پیر کو وائس چیئرمین حافظ نعمت اللہ خان کاکڑ،،ایجوکیشن سیکرٹری لیاقت علی ہزارہ ، فنانس سیکرٹری جمیل احمد مشوانی ، حاجی عظمت اللہ خان کاکڑ، قاری زیب الرحمن کاکڑ اوردیگر پرائیویٹ اسکولوں کے مالکان اوراساتذہ کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کسی سرکاری افسر یا حکومتی ادارے کے ساتھ تصادم نہیںبلکہ نجی تعلیمی اداروں کے جائز حقوق کا تحفظ، انتظامی اختیارات کی وضاحت، والدین اور اسکول انتظامیہ کے درمیان اعتماد کی بحالی اور بلوچستان میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ایک واضح اور منصفانہ پالیسی کا مطالبہ کرنا ہے ہم سمجھتے ہیں کہ تعلیم ایک مشترکہ قومی ذمہ داری ہے اس شعبے سے متعلق ہر فیصلہ قانون، شفافیت، باہمی مشاورت اور طلبہ کے بہترین مفاد کو سامنے رکھ کر کیا جانا چاہیے۔انہون نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ نے کچلاک میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران زبانی طور پر یہ بات کہی کہ کوئی بھی نجی اسکول تین ماہ کی فیس وصول نہیں کرے گا اور اگر کسی اسکول نے ایسی فیس وصول کی تو اس کی رجسٹریشن منسوخ اور اسکول سیل کر دیا جائے گااگر یہ بیان اسی طرح دیا گیا ہے تو ہم اسے نجی تعلیمی اداروں کے لیے ایک نہایت سنگین انتظامی تنبیہ سمجھتے ہیں جس کے قانونی جواز اور دائرہ اختیار کی وضاحت ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ اس نوعیت کے بیان سے والدین اور اسکول انتظامیہ کے درمیان غیر ضروری غلط فہمیاں، بداعتمادی اور تنازعات پیدا ہونے کا خدشہ ہے کسی قانونی معاملے میں واضح تحریری پالیسی، متعلقہ قواعد اور مجاز اتھارٹی کی وضاحت کے بغیر اس طرح کی سخت تنبیہ تعلیمی ماحول کو متاثر کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ تین ماہ کی فیس سے متعلق اس اعلان کی قانونی بنیاد کیا ہے؟ کیا اس کا اطلاق تمام نجی تعلیمی اداروں پر ہوتا ہے؟ کیا اس بارے میں محکمہ تعلیم کی کوئی تحریری پالیسی یا باقاعدہ نوٹیفکیشن موجود ہے؟ اور رجسٹریشن منسوخ کرنے یا کسی اسکول کو سیل کرنے کا اختیار کن قانونی شرائط کے تحت استعمال کیا جا سکتا ہے؟ہم واضح کرتے ہیں کہ ہم کسی بھی قانونی خلاف ورزی کے دفاع میں نہیں ہیں تاہم کسی بھی ادارے کے خلاف کارروائی قانون، مجاز اختیار اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ویسٹ قانونی جواز کی وضاحت کریں اور والدین و اسکول انتظامیہ کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے متعلقہ حکام واضح رہنمائی فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ کے دفتر سے مورخہ 9 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ تحریری مراسلے میں موسمِ سرما کی تعطیلات یا اضافی فیس کی وصولی کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے یا حکم کا حوالہ دیا گیا ہے الائنس کے مؤقف کے مطابق جس عدالتی فیصلے کا حوالہ دیا جا رہا ہے وہ کووڈ-19 کی غیر معمولی صورتِ حال سے متعلق تھا اس لیے ضروری ہے کہ اس فیصلے کے اصل متن، مخصوص حالات، قانونی دائرہ کار اور موجودہ حالات میں اس کے قابلِ اطلاق ہونے کا جائزہ لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم متعلقہ حکام سے درخواست کرتے ہیں کہ اصل عدالتی حکم یا فیصلے کی نقل اور اس کے متعلقہ حصے سامنے لائے جائیں تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ آیا اس کا اطلاق موجودہ فیس پالیسی اور بلوچستان کے نجی تعلیمی اداروں پر کس حد تک ہوتا ہے ہم یہ نہیں کہتے کہ کسی عدالتی فیصلے کی پابندی ضروری نہیں ہمارا مؤقف یہ ہے کہ عدالتی فیصلوں کو ان کے اصل متن، قانونی مفہوم اور قابلِ اطلاق دائرہ کار کے مطابق نافذ کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پابندی نافذ العمل ہے تو اس کی واضح قانونی بنیاد اور اطلاق کی تفصیلات فراہم کی جائیں اسی طرح اگر کسی فیصلے کا تعلق مخصوص حالات سے تھا تو اس کے اطلاق کو موجودہ صورتِ حال میں قانونی جائزے کے بغیر عمومی اور غیر مشروط پابندی کی بنیاد نہیں بنایا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم زیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی،وزیر تعلیم راحیلہ حمیدر خان درانی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان دونوں معاملات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو قانونی اور انتظامی جائزہ لینے کی ہدایت کریں اور محکمہ تعلیم کے ذریعے نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں اور تعطیلات کے دوران فیس وصولی کے معاملے پر واضح، تحریری اور قابلِ عمل پالیسی مؤقف سامنے لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم کمشنر کوئٹہ ڈویژن، سیکرٹری تعلیم بلوچستان اور ڈائریکٹر تعلیم بلوچستان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ کے زبانی بیان اور تحریری مراسلے، دونوں کا الگ الگ جائزہ لیں اور متعلقہ قوانین، عدالتی فیصلوں اور انتظامی اختیارات کی روشنی میں واضح رہنمائی فراہم کریں اور الائنس کے نمائندوں کو ملاقات کا موقع دیا جائے تاکہ مسئلے کو دستاویزی شواہد اور قانونی نکات کی بنیاد پر حل کیا جا سکے ہمیں امید ہے کہ حکومتِ بلوچستان اس معاملے کو محاذ آرائی کے بجائے مشاورت، شفافیت اور قانونی وضاحت کے ذریعے حل کرنے میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں کے معاملے میں ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ صوبے بھر کے لیے واضح، شفاف اور یکساں پالیسی فراہم کی جائے ہم تسلیم کرتے ہیں کہ والدین کی مالی مشکلات اہم ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے اسی طرح تعلیمی اداروں کے اخراجات بھی پورے سال جاری رہتے ہیں جن میں اساتذہ کی تنخواہیں، عمارتوں کے کرائے، بجلی، پانی، تعلیمی سامان اور دیگر ضروری اخراجات شامل ہیں لہٰذا فیسوں کے بارے میں کسی بھی پالیسی میں والدین کے مفادات اور تعلیمی اداروں کی جائز مالی ضروریات کو متوازن انداز میں مدنظر رکھنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ بارہ ماہ کی فیس اور تعطیلات کی فیس کے بارے میں نافذ العمل قوانین اور قواعد کی واضح تشریح جاری کی جائے اگر کسی مخصوص مدت کی فیس وصول کرنے پر پابندی ہے تو اس کی قانونی بنیاد اور شرائط بیان کی جائیں تمام نجی تعلیمی اداروں کے لیے یکساں پالیسی اور قابلِ فہم رہنما اصول فراہم کیے جائیں کسی بھی ادارے کے خلاف رجسٹریشن منسوخ کرنے یا اسکول سیل کرنے جیسے اقدامات سے پہلے متعلقہ قانون، مجاز اختیار اور مقررہ قانونی طریقہ کار کی پابندی کی جائے متعلقہ ادارے کو اپنا مؤقف پیش کرنے اور وضاحت فراہم کرنے کا مناسب موقع دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے بلوچستان میں تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں الائنس کے پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں تقریباً 3,500 نجی اسکول کام کر رہے ہیں جہاں 9 لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات زیرِ تعلیم ہیںیہ ادارے ہزاروں اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین کے لیے روزگار کا ذریعہ بھی ہیں اور بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کے لیے مسلسل مالی اور انتظامی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومتِ بلوچستان اور محکمہ تعلیم سے درخواست کرتے ہیں کہ نجی تعلیمی اداروں کو تعلیمی اصلاحات میں ایک فعال شراکت دار بنایا جائے، تاکہ سرکاری اور نجی شعبہ مل کر طلبہ کی تعلیمی کارکردگی اور صوبے کے مجموعی تعلیمی معیار کو بہتر بنا سکیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے تحفظات پر مناسب پیش رفت نہ ہوئی تو الائنس اپنے اراکین اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل کااعلان کریگا ان میں قانون کے مطابق پْرامن احتجاج، علامتی ہڑتال اور دیگر آئینی و قانونی ذرائع اختیار کرنا شامل ہو سکتا ہے اگر حالات بدستور برقرار رہے تو صوبے بھر کے نجی تعلیمی اداروں کی مشترکہ مشاورت سے مزید اقدامات پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔ تاہم کسی بھی ایسے فیصلے میں طلبہ کے تعلیمی تسلسل، والدین کے مفادات اور متعلقہ قانونی تقاضوں کو بنیادی اہمیت دی جائے گی۔
