پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 71 پیسے کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔ پیٹرول کی نئی قیمت 392 روپے 66 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 396 روپے 82 پیسے مقرر کردی گئی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ کاروباری سیشن میں تقریبا 2 ڈالر اضافے کے بعد قیمتیں نیچے آگئیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 61 سینٹ، یعنی 0.57 فیصد کمی کے بعد 106.04 ڈالر فی بیرل رہی۔امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 47 سینٹ، یعنی 0.5 فیصد گر کر 93.27 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
اسی طرح عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی وجہ روس سے اضافی ڈیزل کی ممکنہ فراہمی کی توقعات اور خلیجی خطے میں تیل کی سپلائی کو درپیش خطرات کا جائزہ بتایا جا رہا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، سعودی عرب پر حملوں کے بعد تیل کی ترسیل کو لاحق خطرات کے باوجود سرمایہ کار روس سے ڈیزل کی ممکنہ اضافی سپلائی پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
اس صورت حال کے باعث تیل کی قیمتیں تقریبا ایک ہفتے میں پہلی مرتبہ کمی کی جانب گامزن رہیں۔کاروبار کے دوران برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 1.30 ڈالر، یعنی 1.2 فیصد کم ہو کر 105.35 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی)کی قیمت 1.25 ڈالر، یعنی 1.3 فیصد کمی کے بعد 92.49 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔

WhatsApp
Get Alert