پشاور: نجی اسکول کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا

پشاور (قدرت روزنامہ)اسکول کی چھت گرنے سے 27 بچوں کی اموات کے واقعے میں پولیس نے نجی اسکول کے مالک کو گرفتار کر لیا ہے۔
پشاور کے علاقے دیر کالونی میں ایک نجی اسکول کی چھت گرنے کا دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، جس میں خاتون ٹیچر اور 27 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
اس اندوہناک سانحے کے بعد پولیس نے مذکورہ نجی اسکول کے مالک کو گرفتار کر لیا ہے۔
اس حوالے سے سی سی پی او پشاور نے بتایا ہے کہ مذکورہ اسکول کا مالک ایجوکیشنل ٹرسٹ کے طور پر اسکول چلا رہا تھا، جس کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سی سی پی او نے مزید بتایا کہ مذکورہ اسکول کی عمارت کمزور بنائی گئی تھی، جس کی وجہ سے سانحہ پیش آیا ہے۔
دوسری جانب عمارت کمزور ہونے اور تنگ گلیوں کے باعث ریسکیو کے کاموں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ اسکول کی عمارت کمزور ہونے کی وجہ سے ہیوی مشینری استعمال نہیں کی جا رہی ہے جب کہ تنگ گلیوں کی وجہ سے بھی ہیوی مشینری کے اسکول کی متاثرہ عمارت تک پہنچنے میں مشکلات ہیں۔
