ہوشیار، آن لائن ایپ پر گاڑی کی فروخت کا اشتہار دے کر شہری لٹ گیا، ملزم کا اسکیچ تیار

کراچی(قدرت روزنامہ) طارق روڈ کے رہائشی کو گاڑی فروخت کا اشتہار دینے کے بعد لینے کے دینے پڑ گئے، ملزم آیا، گاڑی چلا کر چیک کی، اسلحہ نکالا اور شہری کو اتار کر اس کی گاڑی ساتھ لے گیا۔

کراچی کے علاقے طارق روڈ پر ڈکیتی کی پیش آنے والی ایک واردات نے شہریوں کو ہوشیار رہنے کا سگنل دے دیا ہے، یہ کہ سوشل میڈیا پر گاڑی فروخت ہی نہیں چھن بھی سکتی ہے۔

طارق روڈ کا رہائشی عثمان آن لائن ایپ او ایل ایکس پر گاڑی کی فروخت کا اشتہار دے کر لٹ گیا، اس واردات کا مقدمہ فیروز آباد تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

گاڑی فروخت طارق روڈ کراچی

عثمان نامی متاثرہ شخص کے مطابق انھیں اپنی 2022 ماڈل کی گاڑی فروخت کرنی تھی، انھوں نے آن لائن ایپ پر کار فروخت کا اشتہار دے دیا، تو ایک شخص نے رابطہ کیا۔ عثمان نے بتایا ’’ملزم نے مجھے دہلی مرکنٹائل سوسائٹی بلاک 3 میں اسکول کے پاس بلایا، اس نے کہا مجھے گاڑی خریدنی ہے لیکن چلا کر ٹرائی کرنا چاہتا ہوں۔‘‘

متاثرہ شخص نے کہا ’’گاڑی چلاتے ہوئے وہ لبرٹی چوک پہنچ گیا، جہاں اس کا دوسرا ساتھی موجود تھا، اسے بھی بٹھا کر گاڑی چلاتے ہوئے ہم شارع فیصل تک پہنچے، اچانک سے دونوں نے اسلحہ نکالا اور میرا موبائل فون چھینا، مجھے گاڑی سے اتارا اور وہاں سے فرار ہو گئے۔‘‘

متاثرہ شخص عثمان کا کہنا تھا کہ وہ سامنے آنے پر ملزمان کو شناخت کر سکتے ہیں۔

ملزم کا اسکیچ
ملزم کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس نے حاصل کی ہے، جس کی مدد سے اس کا ایک اسکیچ بھی تیار کر لیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

اسکیچ کے مطابق ملزم کی عمر اندازاً 30 سے 40 سال ہے، قد 5 فٹ 7 انچ یا اس سے زیادہ ہے، بھاری جسم ہے، رنگ صاف ہے، چہرے پر مکمل داڑھی ہے۔ واردات کے وقت اس نے گرے رنگ کی شلوار قمیض پہن رکھی تھی۔

WhatsApp
Get Alert