گولڈ میڈلسٹ لائبہ اعجاز کو ویزے کے جھانسے میں کیسے پھنسایا؟ ملزم نعمان کے تہلکہ خیز انکشافات

اسلام آباد(قدرت روزنامہ):خودکشی کرنے والی گولڈ میڈلسٹ لائبہ اعجاز سے فراڈ کرنے والے ملزم نعمان نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے اہم انکشافات کئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تعلیمی فراڈ کے باعث خودکشی کرنے والی ہونہار طالبہ لائبہ اعجاز کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی۔
جہاں گرفتار ملزم نعمان نے طالبہ کے ساتھ دھوکہ دہی اور فراڈ کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ لائبہ کا ملزم نعمان سے رابطہ رواں سال فروری میں اپنی دوست عائزہ کے ذریعے ہوا تھا، لائبہ نے عائزہ کے ساتھ مل کر ایک آن لائن ٹک شاپ کا کام شروع کیا تھا جو بدقسمتی سے نہ چل سکا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزم کی دوست عائزہ فاطمہ کا ایک بھائی امریکا میں مقیم ہے، لائبہ اعجاز نے عائزہ سے امریکا کا ویزہ لگوا کر دینے سے متعلق بات کی تھی۔
ملزم نعمان نے لائبہ کو دھوکہ دینے کے لیے دوسرے نمبر سے عائزہ بن کر رابطہ کیا، جبکہ عائزہ کے بھائی اظہر کے نام سے ایک جعلی جی میل اکاؤنٹ بھی کھولا۔ ملزم ان دونوں جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے لائبہ سے مسلسل رابطے میں رہا۔
ذرائع کے مطابق ملزم نعمان نے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے لائبہ اعجاز کے اسٹوڈنٹ ویزہ کی تمام جعلی دستاویزات تیار کی تھیں۔
پولیس نے ملزم اور مقتولہ کے درمیان ہونے والی چیٹ کا کچھ حصہ حاصل کر لیا ہے اور کیس سے متعلق مزید شواہد اور حقائق سامنے لانے کے لیے ملزم کا موبائل فون فرانزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔
