پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 63 پیسے سستا کردیا گیا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 31 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔
پیٹرول کی نئی قیمت 390 روپے 23 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 396 روپے 96 پیسے مقرر کردی گئی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
دوسری جانب پاور ڈویژن کے مطابق ستمبر کی متوقع فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کو 5 سے 6 روپے فی یونٹ سے کم کرکے 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کے لیے اقدامات کیے گئے، جس کے نتیجے میں بجلی صارفین کو 3 روپے 44 پیسے فی یونٹ تک کے ممکنہ اضافی بوجھ سے بچانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مہنگے فرنس آئل اور ہائی اسپیڈ ڈیزل سے بجلی پیداوار کے باعث فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کا خدشہ تھا، جسے کم کرنے کے لیے ستمبر کے دوران روزانہ 2 سے اڑھائی گھنٹے کی محدود اور ہدفی لوڈ مینجمنٹ کی گئی۔
پاور ڈویڑن کا کہنا ہے کہ بجلی کی پیداوار کے لیے درآمدی ایل این جی مقامی گیس کے نرخوں پر فراہم کرکے صارفین پر 83 پیسے فی یونٹ کا بوجھ کم کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اگست کے مقابلے میں صرف 1 روپے 45 پیسے فی یونٹ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ اس مد میں ممکنہ اضافی بوجھ 32 ارب 70 کروڑ روپے تک رہنے کا تخمینہ ہے۔
اعلامیے کے مطابق علاقائی تنازع کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 120 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر گئی، جبکہ بجلی کے بنیادی ٹیرف کے تعین کے وقت خام تیل کی قیمت تقریباً 70 ڈالر فی بیرل فرض کی گئی تھی۔

WhatsApp
Get Alert