پی آئی اے کے نئے سربراہ کیلئے نیوزی لینڈ کے ایڈریان ہیملٹن مانز نامزد، 28 سالہ عالمی تجربہ رکھنے والے ایوی ایشن ماہر کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیلئے نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ایوی ایشن ماہر ایڈریان ہیملٹن مانز کو نامزد کر دیا گیا ہے، ان کی تقرری ضروری قانونی اور انتظامی تقاضے مکمل ہونے سے مشروط ہوگی۔
سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق ایڈریان ہیملٹن مانز بین الاقوامی ہوا بازی کے شعبے میں تقریباً 28 سال کا تجربہ رکھتے ہیں اور دنیا کی مختلف معروف فضائی کمپنیوں میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ایڈریان ہیملٹن اس سے قبل عمان کی فضائی کمپنی سلام ایئر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جبکہ قازقستان کی فلائی آریستان کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ ورجن آسٹریلیا، بھارت کی انڈیگو ایئرلائن اور ساؤتھ افریقن ایئرویز میں بھی اہم انتظامی عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ ان کا پیشہ وارانہ تجربہ مختلف بین الاقوامی فضائی منڈیوں اور ایئرلائنز کے انتظامی امور پر مشتمل ہے۔
نجی ٹی وی سما نیوز کی رپورٹ کے مطابق ضروری تقاضے مکمل ہونے کے بعد ایڈریان ہیملٹن کی بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر تقرری متوقع ہے۔
ایڈریان ہیملٹن کی پیشہ وارانہ کارکردگی کے حوالے سے ایک اہم بات یہ بھی سامنے آئی ہے کہ فلائی آریستان میں ان کی قیادت کے دوران کمپنی کی آمدن 2020ء میں 5 کروڑ 74 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 2023ء میں 27 کروڑ 78 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی تھی، جو تقریباً 384 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے جولائی 2024ء میں عمان کی سلام ایئر کی قیادت سنبھالی تھی، جبکہ یکم اکتوبر 2026ء کو یعقوب الکیومی نے ان کی جگہ کمپنی کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ سنبھال لیا۔
پی آئی اے کیلئے بین الاقوامی تجربہ رکھنے والے ماہر کی نامزدگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب قومی فضائی کمپنی کی نجکاری کے بعد اس کی انتظامی اور کاروباری تنظیم نو پر توجہ دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے بعد جون 2026ء میں قومی ایئرلائن کا انتظامی کنٹرول عارف حبیب کی سربراہی میں سرمایہ کار کنسورشیم کو منتقل ہو چکا ہے۔
اس تناظر میں نئے سربراہ کی نامزدگی قومی ایئرلائن کی کاروباری کارکردگی بہتر بنانے، بین الاقوامی مسابقت بڑھانے، آپریشنل معاملات کو مؤثر بنانے اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں بہتری کے حوالے سے اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
تاہم ایڈریان ہیملٹن مانز کی تقرری کے حتمی اعلان، ذمہ داریاں سنبھالنے کی تاریخ اور ملازمت کی شرائط سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
