پاکستانی اساتذہ کو مصنوعی ذہانت کے استعمال کے لیے 4 ہزار پریمیم سبسکرپشنز مفت فراہم کرنے کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور گاؤتھ اے آئی (Gauth AI) کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے، جس کے تحت کمپنی پاکستانی اساتذہ کو مصنوعی ذہانت کے جدید تعلیمی ٹولز تک رسائی فراہم کرنے کے لیے 4 ہزار پریمیم سبسکرپشنز مفت دے گی۔
رپورٹس کے مطابق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان کے تعلیمی شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دینا اور اساتذہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ طلبہ کی تعلیم بہتر بنانے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں کھانے، رہائش، مفت یونیفارم اور جدید تعلیمی وسائل کی فراہمی شامل ہے۔
انہوں نے دانش اسکولز کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے معیاری تعلیم کے فروغ اور ملک کے تعلیمی نظام میں نمایاں بہتری لانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
شہباز شریف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دانش اسکولز کی تعمیر میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے اور جدید تدریسی طریقوں کے ذریعے تعلیم کے شعبے کو مزید بہتر بنانے کے لیے نئے مواقع تلاش کیے جائیں۔
وزیراعظم نے گاؤتھ اے آئی کی جانب سے پاکستانی اساتذہ کو 4 ہزار پریمیم سبسکرپشنز مفت فراہم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات سے طلبہ، اساتذہ اور نوجوانوں کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔
حکومت اور گاؤتھ اے آئی کے درمیان یہ تعاون تعلیمی شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو وسعت دینے اور اساتذہ کو جدید ڈیجیٹل ذرائع سے مستفید کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
