شناختی کارڈ کی تجدید؛نادرا نے خوشخبری سنادی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نادرا نےشناختی کارڈکی تجدید کے حوالے سے خوشخبری سنا دی۔ ترجمان نادرا سید شباہت علی کے مطابق شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونے میں اگر ایک یا دو ماہ باقی ہوں تو شہری اس کی تجدید فوری کروا سکتے ہیں، تجدید کے بعد جاری ہونے والے کارڈ کو نیا شناختی کارڈ ہی تصور کیا جائے گا۔
ترجمان نادرا کے مطابق شہری اپنے شناختی کارڈ کی تجدید میعاد ختم ہونے سے پہلے کسی بھی وقت کراسکتے ہیں، اس کے لیے کارڈ کے ایکسپائر ہونے کا انتظار کرنا ضروری نہیں، تجدید کے بعد جب شہری کو نیا شناختی کارڈ موصول ہوجائے تو پاک آئی ڈی ایپ میں موجود ڈیجیٹل شناختی کارڈ کو بھی اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔
اس مقصد کے لیے شہری اپنی پاک آئی ڈی ایپ کھول کر ڈیجیٹل کارڈ پر دوبارہ کلک کریں، جس کے بعد تازہ ترین شناختی کارڈ، نئی تاریخِ تنسیخ کے ساتھ موبائل فون میں ڈاؤن لوڈ ہوجائے گا۔
ترجمان نادراکے مطابق اگر شہری ایپ کو ریفریش یا اپ ڈیٹ کرے گا تو اس کے اندر موجود ڈیجیٹل شناختی کارڈ بھی نئے کارڈ کی تفصیلات کے مطابق تبدیل ہوجائے گا۔
