سہیل آفریدی ہی وزیراعلیٰ ہیں، کسی اور کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، جنید اکبر بدستور پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر رہیں گے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوپر نے کہا ہے کہ جنید اکبر کی غیر موجودگی میں پارٹی آئین کے مطابق صوبائی تنظیم کے اجلاسوں کی صدارت سینئر نائب صدر نورالحق قادری کریں گےجبکہ صوبائی تنظیم کے دیگر امور کی نگرانی علی اصغر کریں گے۔
پارٹی کے اندرونی معاملات، خیبر پختونخوا کے اراکین اسمبلی اور صوبائی تنظیم سے متعلق پارلیمنٹ کے باہر دیے گئے بیان میں انہوں ںے کہا کہ اپنی ہی جماعت کے معاملات پر حقائق کی تصدیق کے بغیر فوری ردِعمل دینے میں احتیاط کرنی چاہیے، سیکریٹری جنرل کے ٹویٹ کی بنیاد بننے والی خبر درست نہیں تھی میں نے اس معاملے پر تمام متعلقہ رہنماؤں اور اراکین اسمبلی سے بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے تمام اراکین اسمبلی ہمارا فخر اور پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، گزشتہ دو سال میں انہوں نے جس ثابت قدمی سے عمران خان صاحب کا ساتھ دیا، قربانیاں دیں اور مشکل ترین حالات میں پارٹی کو زندہ رکھا، وہ پوری دنیا کے سامنے ہے، ہر جلسے، ہر ریلی اور ہر مارچ میں خیبر پختونخوا کے اراکین اسمبلی نے قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔یہ تمام اراکین عمران خان، ان کے نظریے اور ان کی جدوجہد کے ساتھ پہلے سے زیادہ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ انہیں عمران خان کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔ پارٹی کا کوئی بھی رکن اسمبلی خان صاحب کی ہدایات سے انحراف کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ ہم ان کی قربانیوں اور خدمات کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے ہیں اور آئندہ بھی پارٹی کے تمام اہم فیصلوں اور مشاورت میں خیبر پختونخوا کی قیادت اور اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جہاں تک پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی صدارت کا تعلق ہے، جنید اکبر خان کو عمران خان صاحب نے خود صوبائی صدر مقرر کیا تھا اور میں نے خان صاحب کی ہدایات پر ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ وہ بدستور صوبائی صدر رہیں گے، ان کی عدم موجودگی میں پارٹی آئین کے مطابق صوبائی تنظیم کے اجلاسوں کی صدارت سینئر نائب صدر نورالحق قادری صاحب کریں گے، جبکہ صوبائی تنظیم کے دیگر امور کی نگرانی علی اصغر خان صاحب بطور سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کریں گے۔اس حوالے سے میری متعلقہ ذمہ داران سے بات ہو چکی ہے اور خیبر پختونخوا کی صوبائی تنظیم کے اجلاس میں بھی یہی خواہش سامنے آئی ہے ان شاء اللہ آج یا کل اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا، جنید اکبر خان صاحب کی واپسی تک صوبائی تنظیم اور موجودہ کابینہ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر توجہ عمران خان صاحب کے مؤقف، ان کے بیانیے اور ان کی جدوجہد پر مرکوز رہنی چاہیے کسی بھی اندرونی بحث یا غیر ضروری بیان بازی سے عمران خان صاحب کے مقصد اور جدوجہد سے توجہ نہیں ہٹنی چاہیے، ہم سب عمران خان صاحب کی قیادت میں متحد ہیں اور ان کے فیصلے اور ہدایات ہی ہمارے لیے حتمی ہی کئی بار کہہ چکا ہوں سہیل ہی وزیر اعلیٰ ہیں کسی اور کا سوال ہی پیدا نہیں ہوسکتا یہ فیصلے خان صاحب کے ہیں-
