ایک سال میں گیس، بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کتنا اضافہ ہوا؟ اعداد وشمار جاری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان بدستور جاری ہے، ادارہ شماریات نے حساس اعشاریوں پر مبنی مہنگائی رپورٹ جاری کر دی۔ سالانہ بنیاد پر شرح مہنگائی 11.85 فیصد تک پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں ایل پی جی کی قیمت میں 107.12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، سالانہ بنیاد پر بجلی کے پہلے سہ ماہی کے چارجز میں 58.59 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

زیرجائزہ عرصے کے دوران پیٹرول کی قیمت 44.17 فیصد بڑھ گئی جبکہ سالانہ بنیاد پر ڈیزل کی قیمت میں 41.56 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ایک سال میں پیاز کی قیمت 72.81 فیصد بڑھ گئی، سالانہ بنیاد پر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 38.99 فیصد اضافہ ہوگیا۔ ایک سال میں آٹے کی قیمت 36.49 فیصد بڑھ گئیْ

رپورٹ کے مطابق مرچ پاؤڈر کی قیمت میں سالانہ 15.55 فیصد اضافہ ہوا، ایک سال میں بکرے کے گوشت کی قیمت 14.66 فیصد بڑھ گئی۔ سالانہ بنیاد پر گائے کے گوشت کی قیمت میں 12.10 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی میں 0.65 فیصد تک اضافہ ہوا، 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 12 کے نرخ میں کمی ہوئی، گزشتہ ہفتے 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے چکن 12.20 فیصد تک مہنگا ہوا، پیاز 4.19 فیصد، آٹا بھی ایک فیصد تک مہنگا ہوا، بریڈ، لہسن، گھی، بیف، دال ماش مہنگی اشیاء میں شامل ہیں۔ گزشتہ ہفتے ایل پی جی 22.24 فیصد تک مہنگی ہوئی۔

WhatsApp
Get Alert