ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان، محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے، جبکہ سندھ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آج رات بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی اور وسطی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

ہفتے کے روز بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی محسوس کی جائے گی۔ شام اور رات کے دوران پاراچنار، کرم، ہنگو، کوہاٹ، چارسدہ، چترال، سوات، پشاور، کوہستان اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، سرگودھا، جہلم، خوشاب، لاہور، قصور، اوکاڑہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین اور میانوالی سمیت مختلف علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور بارش کی توقع ہے۔

دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور دن کے اوقات میں گرم رہنے کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تاہم ژوب اور موسیٰ خیل میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert