مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے بڑی خوشخبری، چینی کی قیمت میں کمی

کراچی(قدرت روزنامہ) مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی، شہر قائد میں چینی کی قیمتوں میں کمی ہوگئی، جس کے بعد شہریوں کو کچھ ریلیف ملنے لگا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 6 روپے فی کلو کم ہوگئی ہے، جبکہ ریٹیل مارکیٹ میں چینی 10 روپے فی کلو سستی ہوئی ہے۔ قیمتوں میں کمی کے بعد ریٹیل مارکیٹ میں چینی 150 روپے سے کم ہوکر 140 روپے فی کلو پر آگئی ہے۔

اسی طرح ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 136 روپے سے کم ہوکر 130 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ اس طرح تھوک مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں 6 روپے فی کلو کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری فرید قریشی کے مطابق گنے کی کرشنگ کا سیزن شروع ہونے سے چینی کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ کرشنگ سیزن کے دوران مارکیٹ میں چینی کی سپلائی بہتر ہونے لگی ہے، جس سے قیمتوں پر دباؤ کم ہوا ہے۔

فرید قریشی کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں چینی کا وافر ذخیرہ بھی موجود ہے، جس کے باعث قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔

چینی کی قیمتوں میں حالیہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عوام پہلے ہی مہنگائی کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔ مارکیٹ میں سپلائی بہتر ہونے اور چینی کے وافر ذخائر کی موجودگی سے قیمتوں میں مزید استحکام کی امید کی جا رہی ہے، تاہم آئندہ دنوں میں چینی کے نرخوں کا انحصار طلب، رسد اور کرشنگ سیزن کی صورتحال پر ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert