ایران اور عراق جانے والے زائرین کے لیے اہم خبر، نئی ہدایات جاری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزارت مذہبی امور نے ایران اور عراق جانے والے پاکستانی زائرین کے لیے اہم سفری ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے پروازوں کی پیشگی تصدیق کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق ایران اور عراق کے لیے فضائی سفر کرنے والے پاکستانی زائرین اور زیارت گروپ آرگنائزرز کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ دوران سفر کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ زائرین روانگی سے قبل ایران اور عراق کے لیے اپنی پروازوں کی تصدیق لازمی کریں اور غیر یقینی پروازوں پر سفر کرنے سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ مسافروں کو متبادل سفری انتظامات پہلے سے یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

وزارت مذہبی امور نے بالخصوص تہران، مشہد اور نجف کے درمیان سفر کرنے والے زائرین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی روانگی سے پہلے مکمل معلومات حاصل کریں۔

ترجمان کے مطابق پرواز منسوخ ہونے کی صورت میں متبادل زمینی یا فضائی سفر اور رہائش کے اخراجات کے لیے اضافی رقم بھی اپنے ہمراہ رکھیں، تاکہ کسی غیر متوقع صورتحال میں مشکلات سے بچا جاسکے۔

وزارت نے رجسٹرڈ زیارت گروپ آرگنائزرز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ ایرانی پروازوں پر انحصار نہ کریں اور اپنے گروپس میں شامل تمام زائرین کو سفری ایڈوائزری سے مکمل طور پر آگاہ کریں۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ان ہدایات پر عمل درآمد سے زائرین کے سفر کو محفوظ اور بلاتعطل بنانے میں مدد ملے گی۔

WhatsApp
Get Alert