مدعی کی لاتعلقی کے باوجود اصغر اچکزئی کی ضمانت منسوخی انصاف کے تقاضوں کے برعکس ہے: سینیٹر نواب ارباب عمر فاروق
قانون کے نام پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اے این پی تمام قانونی اور جمہوری فورمز پر جنگ لڑے گی: چمن میں پریس کانفرنس

چمن (ڈیلی قدرت کوئٹہ) عوامی نیشنل پارٹی کے قائم مقام صوبائی صدر سینیٹر نواب ارباب عمر فاروق کاسی نے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کی ضمانت منسوخی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ میرٹ اور انصاف کے تقاضوں کے برعکس ہے، جس سے قانون کی بالادستی اور عدالتی نظام پر سوالات جنم لے رہے ہیں۔چمن پریس کلب کے باچاخان ہال میں مرکزی و ضلعی عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر ارباب عمر فاروق کاسی نے کہا کہ مقدمے کے مدعی نے خود واضح کیا ہے کہ اصغر خان اچکزئی اور ان کے خاندان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں، اس کے باوجود ضمانت کی منسوخی سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی آئین کی بالادستی اور عدالتوں کے احترام پر یقین رکھتی ہے، تاہم سیاسی رہنماں کو قانون کے نام پر ناانصافی کا نشانہ نہیں بننا چاہیے۔انہوں نے واضح کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھے گی اور اصغر خان اچکزئی کے لیے تمام آئینی، قانونی اور جمہوری فورمز سے رجوع کیا جائے گا۔ اے این پی کی تاریخ جمہوری جدوجہد اور آئین کی حکمرانی سے عبارت ہے اور پارٹی اپنے رہنما کے لیے انصاف کے حصول تک قانونی جنگ جاری رکھے گی۔
