کراچی کےکئی علاقوں میں بجلی بندش کے باوجود کے الیکٹرک کا 70 فیصد حصے کو لوڈشیڈنگ فری رکھنے کا دعویٰ

کراچی(قدرت روزنامہ) کے الیکٹرک نے شہر کے 70 فیصد علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہ کیے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ جاری ہے جن میں شہر کے بیشتر ایسے علاقے بھی شامل ہیں جہاں دوسرے علاقوں کے لائن لاسز کے سبب بجلی کے بل باقاعدگی سے بھرنے والے علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان کےالیکٹرک کے مطابق کے الیکٹرک نیٹ ورک نے سہ ماہی جائزہ مکمل کر لیا ہے۔
ترجمان نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے70 فیصد علاقوں میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی، اس وقت شہر میں صرف 30 فیصد نیٹ ورک میں لوڈشیڈنگ ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ کورنگی ،اورنگی ٹاؤن، جمشید ٹاؤن کے متعدد فیڈرز ہائی لاس سے میڈیم لاس پر ہیں، سہ ماہی جائزہ میں انفرادی طور پر فیڈرز میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے جب کہ لوڈ شیڈنگ کا انحصار بجلی کی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی پرہوتا ہے۔
ترجمان کے مطابق رواں سال بجلی چوروں کےخلاف تقریباً 5000 کارروائیاں کیں اور 44 ہزار کلو گرام سے زیادہ غیرقانونی تار بجلی نیٹ ورک سے ہٹائی گئی۔
