سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری، پاسپورٹ کے حصول کا نیا طریقہ متعارف

ریاض(قدرت روزنامہ) سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے پاسپورٹ کی تجدید اور نئے پاسپورٹ کے حصول کے حوالے سے اہم سہولت متعارف کرا دی گئی ہے، جس کے تحت شہری اب سفارت خانہ پاکستان ریاض کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن اپائنٹمنٹ حاصل کر سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نئے نظام کے تحت سینکڑوں پاکستانی شہری مختلف اوقات کے لیے آن لائن اپائنٹمنٹ حاصل کر سکیں گے، جس سے انہیں پاسپورٹ سے متعلق امور کی انجام دہی میں آسانی ہوگی۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ ساجد محمود کے مطابق آن لائن اپائنٹمنٹ نظام متعارف کرانے کا مقصد پاکستانی شہریوں کو بہتر اور آسان سہولیات فراہم کرنا ہے، تاکہ انہیں پاسپورٹ کی تجدید اور نئے پاسپورٹ کے حصول کے لیے طویل قطاروں میں انتظار نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے بتایا کہ شہری اپنی اپائنٹمنٹ کے مقررہ وقت پر سفارت خانہ پاکستان ریاض پہنچ کر پاسپورٹ سے متعلق کارروائی مکمل کروا سکیں گے۔ اس اقدام سے شہریوں کے وقت کی بچت ہوگی اور پاسپورٹ خدمات کے حصول کا عمل مزید آسان بنانے میں مدد ملے گی۔
سفارت خانہ پاکستان ریاض نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آن لائن اپائنٹمنٹ حاصل کرنے کے لیے سفارت خانے کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کریں۔
سفارت خانے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے ایجنٹ مافیا سے دور رہیں اور پاسپورٹ سے متعلق خدمات کے لیے سرکاری ذرائع ہی استعمال کریں۔
توقع ہے کہ آن لائن اپائنٹمنٹ کے اس نظام سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کو پاسپورٹ کی تجدید اور نئے پاسپورٹ کے حصول میں سہولت ملے گی اور انہیں غیر ضروری انتظار سے بھی نجات حاصل ہوگی۔
