شوہر اور بیوی کے معاہدے پر اہم فیصلہ، ہائیکورٹ کا بڑا حکم آگیا

لاہور(قدرت روزنامہ) لاہور ہائیکورٹ نے بیوی کے حق مہر، علیحدہ رہائش اور زچگی اخراجات سے متعلق کیس میں فیملی کورٹ اور سیشن کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دیتے ہوئے معاملہ دوبارہ قانون کے مطابق دیکھنے کی ہدایت کردی ہے۔
جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے شکیلہ بی بی کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں بتایا گیا کہ خاتون اور اس کے شوہر کے درمیان علیحدہ رہائش فراہم کرنے، ایک تولہ سونا بطور حق مہر دینے اور 30 ہزار روپے زچگی اخراجات ادا کرنے کا تحریری معاہدہ ہوا تھا۔
خاتون نے معاہدے پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث تین سال بعد عدالت سے رجوع کیا، جبکہ شوہر نے مقررہ مدت میں درخواست دائر نہ کرنے کا اعتراض اٹھایا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ فیملی کورٹ اور سیشن کورٹ نے کیس میں قانونی نکات کا مکمل جائزہ نہیں لیا، جس کے باعث ان کے فیصلے برقرار نہیں رکھے جا سکتے۔ عدالت نے فیملی کورٹ کو ہدایت کی کہ خاتون کی درخواست پر قانون کے مطابق 60 روز کے اندر فیصلہ کیا جائے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق اب فیملی کورٹ اس بات کا تعین کرے گی کہ شوہر نے معاہدے کی شرائط پر عمل کیا یا نہیں اور معاہدے کی قانونی حیثیت کیا ہے۔
تحریری فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ نابالغ بچوں کے ماہانہ نان و نفقہ کا معاملہ دیگر ازدواجی حقوق سے الگ دیکھا جائے۔ اس طرح کیس میں حق مہر، رہائش اور زچگی اخراجات سے متعلق معاملات کا دوبارہ قانونی جائزہ لیا جائے گا۔
