یو اے ای میں پاکستانیوں کے لیے اہم خبر، پاسپورٹ کی نئی فیسیں جاری

ابوظہبی (قدرت روزنامہک)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مقیم پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ کی نئی فیسوں کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت 5 سالہ ای پاسپورٹ اور 10 سالہ مشین ریڈایبل پاسپورٹ (ایم آر پی) کے لیے نارمل اور ارجنٹ فیسوں کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے تحت پاسپورٹ کی فیس یو اے ای درہم میں وصول کی جائے گی۔ نئے شیڈول کے مطابق 5 سالہ ای پاسپورٹ کے 36 صفحات کی نارمل فیس 145 درہم جبکہ ارجنٹ فیس 235 درہم مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح 72 صفحات پر مشتمل ای پاسپورٹ کے لیے نارمل فیس 260 درہم اور ارجنٹ فیس 425 درہم ادا کرنا ہوگی۔
دوسری جانب 10 سالہ مشین ریڈایبل پاسپورٹ (ایم آر پی) کے 36 صفحات کی نارمل فیس 215 درہم جبکہ ارجنٹ فیس 355 درہم مقرر کی گئی ہے۔ 72 صفحات والے ایم آر پی کے لیے نارمل فیس 390 درہم اور ارجنٹ فیس 635 درہم ہوگی۔
پاسپورٹ گم ہونے کی صورت میں بھی اضافی فیس ادا کرنا ہوگی۔ پہلی بار پاسپورٹ گم ہونے پر مقررہ فیس سے دوگنا جبکہ دوسری بار گم ہونے پر چار گنا فیس وصول کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور دنیا بھر میں قائم پاکستانی سفارتی مشنز میں ای پاسپورٹ کا اجرا بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ جدید سکیورٹی خصوصیات سے لیس ای پاسپورٹ بین الاقوامی معیار کے مطابق سفری دستاویزات کی سکیورٹی اور شناخت کے عمل کو مزید مؤثر بنانے میں مدد دے گا۔
حکام کے مطابق پہلے سے جاری کیے گئے مشین ریڈایبل پاسپورٹ اپنی مقررہ میعاد تک قابل استعمال رہیں گے، تاہم نئے پاسپورٹ کے اجرا اور تجدید کے لیے ای پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔
