شادی شدہ افراد کے لیے اہم خبر، میرج سرٹیفکیٹ بنوانے کا طریقہ سامنے آگیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) شادی شدہ افراد کے لیے میرج سرٹیفکیٹ کے حصول اور نکاح کی رجسٹریشن سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ شادی کے بعد نکاح کا باقاعدہ اندراج قانونی طور پر ضروری ہے، جس کے لیے دلہا یا دلہن میں سے کوئی ایک متعلقہ یونین کونسل سے میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتا ہے۔
میرج سرٹیفکیٹ بنوانے کے لیے نکاح خواں کی جانب سے جاری کردہ نکاح نامہ، دلہا اور دلہن کے شناختی کارڈز، دونوں کے والد کے شناختی کارڈز اور نکاح کے گواہوں کے شناختی کارڈز درکار ہوتے ہیں۔
درخواست گزار کو تمام ضروری دستاویزات متعلقہ یونین کونسل میں جمع کرانا ہوتی ہیں، جہاں عملہ فراہم کردہ معلومات اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کرتا ہے۔ تصدیق مکمل ہونے کے بعد نکاح کا اندراج یونین کونسل کے ریکارڈ میں کردیا جاتا ہے۔
اندراج کے بعد درخواست گزار کو درج شدہ معلومات کا پرنٹ آؤٹ فراہم کیا جاتا ہے تاکہ وہ تمام تفصیلات کی جانچ کرسکے۔ اگر معلومات درست ہوں تو درخواست گزار پروف ریڈنگ پرنٹ پر دستخط کرکے یونین کونسل کے عملے کے حوالے کرتا ہے۔ اس مرحلے کی تکمیل کے بعد میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کردیا جاتا ہے۔
دستیاب معلومات کے مطابق میرج سرٹیفکیٹ کے حصول کی سہولت مخصوص اضلاع میں نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی فراہم کی جارہی ہے۔ ان اضلاع میں جہلم، چکوال، ننکانہ، کوئٹہ اور کراچی شرقی شامل ہیں۔
شادی شدہ جوڑوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ نکاح کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کروائیں اور اپنے نکاح کا سرکاری ریکارڈ یقینی بنائیں، تاکہ مستقبل میں قانونی معاملات اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے دوران ممکنہ مشکلات سے بچا جاسکے۔

WhatsApp
Get Alert