پنجاب کے 23 اضلاع میں 40 سٹروک سنٹر فعال، کسی کا علاج نہیں رکنا چاہئے, مریم نواز

لاہور(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جنرل ہسپتال لاہور میں اسٹروک کارڈ تقسیم کر دیئے۔
اسٹروک کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے، اتنی بڑی آبادی کے حامل صوبے کی وزارت اعلیٰ آسان نہیں ہوتی، جب اللہ ایسا عہدہ دیتا ہے تو یہ خوش قسمتی بھی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹروک پروگرام عام عوام کیلئے شروع کیا جا رہا ہے، سٹروک کے حوالے سے لوگوں کو آگاہی ہی نہیں ہے، اسٹروک کے مریضوں کی بحالی کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ فنڈز کی کمی کی بنیاد پر کسی مریض کا علاج نہیں رکنا چاہئے، فالج کسی کو بتا کر نہیں آتا، ایک نوجوان کو دیکھا، بروقت انجکشن لگنے سے وہ بچ گیا، فالج کے مرض کی روک تھام کیلئے آگاہی ضروری ہے، چند ماہ کے اندر پرائمری اسٹروک سینٹرز کی تعداد بڑھائی ہے، 23 اضلاع میں 40 پرائمری اسٹروک سینٹرز فعال ہیں، 15 پرائمری اسٹروک سینٹرز مزید بن رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فالج کے بعد مریض کا بروقت علاج بہت اہمیت رکھتا ہے، فالج میں لگنے والے 3 لاکھ کے انجکشن کو غریب نہیں خرید سکتا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا کینسر ہسپتال بن رہا ہے جو کہ جلد فعال ہو جائے گا، ہر ڈویژن میں کینسر سینٹرز بنا رہے ہیں، سرگودھا میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف ہسپتال بنا ہے، 20 اضلاع میں کیتھ لیب بنا رہے ہیں، صحت کے شعبے پر جتنا کام اب ہو رہا ہے، پہلے کبھی نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں 10 کروڑ لوگوں نے سرکاری ہسپتالوں میں علاج کرایا، 10کروڑ لوگوں کو مفت ادویات فراہم کی گئی ہیں، پنجاب میں 16 ہزار بچوں کی ہارٹ سرجری ہوئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert