لاہور کے 20 گرلز کالجز کی طالبات کے درمیان مریم نواز کی تصاویر بنانے کا پینٹنگ مقابلہ

وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر تعلیمی اداروں میں وزیراعلیٰ پنجاب کی سالگرہ کی خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا


لاہور(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی خصوصی ہدایت پر تعلیمی اداروں میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سالگرہ کے حوالے سے خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا، اس سلسلے میں دارالحکومت لاہور کے تعلیمی حلقوں میں مختلف نوعیت کے فلاحی، تعلیمی اور تخلیقی مقابلے منعقد کیے گئے، ان تقاریب کے سلسلے کی ایک اہم کڑی لاہور کے 20 گرلز کالجز کے درمیان منعقد ہونے والا لائیو پینٹنگ کا مقابلہ تھا۔
جنگ اخبار کے مطابق اس مسابقتی تقریب میں کالجز کی طالبات نے بھرپور انداز میں حصہ لیا اور کینوس پر رنگوں کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خوبصورت تصاویر بنائیں، جنہیں وہاں موجود اساتذہ، مہمانوں اور ناظرین کی جانب سے بے حد سراہا گیا، تقریب کے اختتام پر بہترین اور شاندار پینٹنگز تخلیق کرنے والی طالبات میں حوصلہ افزائی کے لیے نقد کیش انعامات تقسیم کیے گئے، مقابلے میں حصہ لینے والی دیگر تمام طالبات میں تعریفی اسناد (سرٹیفکیٹس) بانٹے گئے۔
بتایا گیا ہے کہ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہی ہدایت پر لاہور کے تاریخی ایم اے او کالج میں سندس فاؤنڈیشن کے تعاون سے ایک بہت بڑا فلاحی بلڈ ڈونیشن کیمپ بھی لگایا گیا، اس رفاہی سرگرمی میں کالج کے طلبا نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور انسانیت کی فلاح کے لیے دل کھول کر خون کا عطیہ دیا، اس فلاحی کیمپ میں 700 سے زائد طلبا نے رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دیا، جو تھیلیسیمیا اور دیگر موذی امراض میں مبتلا بچوں اور مریضوں کے لیے زندگی کی علامت ثابت ہوگا۔
معلوم ہوا ہے کہ اس موقع پر صوبائی وزیر سلمیٰ بٹ اور اسامہ فضل چوہدری بھی خصوصی طور پر موجود تھے جنہوں نے طلبا کے جذبے کو سراہا، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبے کی تعمیر و ترقی، تعلیم کے فروغ اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جو ناقابلِ فراموش اور انقلابی کام کیے ہیں، وہ تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں، نوجوان نسل کا اس انداز میں تعمیری سرگرمیوں اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کی قیادت درست سمت میں گامزن ہے۔

WhatsApp
Get Alert