خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری کا بی آئی ایس پی کے اقدامات کا جائزہ، شکایات کے ازالے کا نظام مزید مؤثر بنانے کی ہدایت


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پروگرام کے تحت جاری مختلف اقدامات اور منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی۔
آصفہ بھٹو زرداری نے خواتین کو بااختیار بنانے اور مستحق خاندانوں کی معاونت میں بی آئی ایس پی کے کردار کو سراہتے ہوئے پروگرام کے اقدامات کو مزید وسعت دینے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے مالیاتی شعور اور عوامی آگاہی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور حکام کو ہدایت کی کہ شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے۔ انہوں نے یہ تجویز بھی دی کہ بی آئی ایس پی کی سہولیات مستحق افراد تک پہنچانے کے لیے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی خدمات سے استفادہ کیا جائے۔
اجلاس کے دوران بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن روبینہ خالد نے بتایا کہ پروگرام کے تحت خرچ کیا جانے والا ہر ایک روپیہ حقیقی آمدن کی صورت میں 2 روپے 34 پیسے پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے ذریعے پیدا ہونے والی معاشی سرگرمیوں سے قومی خزانے کو سالانہ تقریباً 174 ارب روپے کا فائدہ پہنچنے کا تخمینہ ہے۔
روبینہ خالد نے اجلاس کو مزید بتایا کہ بینظیر ہنرمند پروگرام کے تحت اب تک 50 ہزار سے زائد افراد تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے لیے رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، مہمان نوازی اور تعمیرات سمیت مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert