عمران خان کی بہنیں معتبر ذریعہ تھیں، اسی لیے انہیں اندر رکھا گیا ہے، احد خان کا دعویٰ
خدشہ ہے کہ 28 ویں ترمیم کی حمایت کے لیے کسی کو جیل بھیجا جائے گا اور کہا جائےگا خان مان گیا ہے، ہم کسی پیغام کو نہیں مانیں گے ، پیغام وہی اصل ہے جو بہنوں کے ذریعے آئے گا ،میڈیا سے گفتگو

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بہنوئی احد خان نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی تینوں بہنوں کو مبینہ طور پر اس لیے حراست میں رکھا گیا ہے کہ وہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد ان کا مؤقف اور پیغام عوام تک پہنچاتی تھیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احد خان کا کہنا تھا عمران خان کی بہنیں ایک معتبر ذریعہ تھیں، جن کے ذریعے اندر کی باتیں باہر پہنچتی تھیں۔
احد خان نے کہا کہ وہ سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آخر عمران خان کی تینوں بہنوں کو اندر کیوں رکھا گیا ہے۔ ان کے بقول بہنیں ملاقات کے بعد عمران خان کی باتیں باہر آ کر بتاتی تھیں اور عوام تک ان کا پیغام پہنچاتی تھیں، لیکن اب یہ ذریعہ بھی ختم ہو گیا ہے۔
انہوں نے 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے جاری قیاس آرائیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان رہائی کا مطالبہ نہیں کر رہے بلکہ ان کا مؤقف ہے کہ ان کے خلاف قائم تمام مقدمات چلائے جائیں اور قانونی کارروائی مکمل کی جائے۔
احد خان نے کہا کہ یہ تاثر دیا جا سکتا ہے کہ عمران خان نے رہائی کے لیے کسی آئینی ترمیم کو قبول کر لیا ہے، حالانکہ ان کے مطابق عمران خان خود ایسا کوئی مطالبہ نہیں کر رہے۔
عمران خان کے بہنوئی احد خان کا بڑا انکشاف
خدشہ ہے کہ 28 ویں ترمیم کی حمایت کے لیے کسی جو جیل بھیجا جائے گا اور کہا جائےگا خان مان گیا ہے ، ہم کسی پیغام کو نہیں مانیں گے ،
پیغام وہی اصل ہے جو بہنوں کے زریعے ائے گا ،
یعنی احد خان نے پوری پی ٹی ائی کو رگڑ دیا ہے کہ یہ سب جعلی ہیں https://t.co/dGroe8Cg07— Waqas Awan (@WaqasAwan666) October 30, 2026
انہوں نے کہا کہ کسی شخص کو جیل بھیج کر بعد میں یہ بیان دلوایا جا سکتا ہے کہ عمران خان کسی معاملے پر راضی ہو گئے ہیں۔ احد خان نے واضح کیا کہ ان کا پاکستان تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں اور وہ خود کو صرف اس ملک کا شہری سمجھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کا اعتماد پہلے ہی متاثر ہو چکا ہے اور عمران خان کی بہنیں ایک معتبر ذریعہ تھیں جو جیل کے اندر ہونے والی باتیں سن کر باہر پہنچاتی تھیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب عوام کا اعتماد کم ہو رہا ہے تو عمران خان کے اپنے لوگوں پر بھی شکوک و شبہات کیوں ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
