اسلام آباد میں 27 نئے تھانے بنانے کا منصوبہ، 10 کی تعمیر جاری ہے، محسن نقوی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں سرکاری گرین بیلٹس اور دیگر مقامات پر قائم تمام تجاوزات ختم کرکے وہاں دوبارہ شجرکاری اور ہریالی بحال کی جائے گی۔ اس سلسلے میں کسی امیر یا غریب کی تفریق نہیں کی جارہی، جبکہ متبادل جگہ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ شہر میں 27 نئے تھانے بنانے کا منصوبہ ہے، جن میں سے 10 کی تعمیر جاری ہے، جبکہ بعض موجودہ تھانوں کی جگہ بھی مختص کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی انہوں نے 27 تھانوں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا تھا۔ 8 سے نو تھانوں کی تزئین و آرائش بھی مکمل کی جاچکی ہے، جن کا افتتاح کیا جائے گا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان حدود کے تعین سے متعلق صحافی کے سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں شہروں کے بعض علاقے ایک دوسرے سے ملتے ہیں، جس کی وجہ سے جرائم کی رپورٹنگ اور متعلقہ تھانے کا تعین کرنے میں مسائل پیش آتے ہیں۔ اس معاملے کو باہمی مشاورت سے حل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو واردات یا کسی دوسرے مسئلے کی صورت میں یہ معلوم ہو کہ انہیں کس پولیس سے رابطہ کرنا ہے۔
اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل ریسکیو کو عہدے سے ہٹائے جانے اور 45 روز گزرنے کے باوجود انکوائری رپورٹ سامنے نہ آنے سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم سے معاملے کا دوبارہ جائزہ لینے کی درخواست کی ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم اس سلسلے میں کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں۔ اگر کمیٹی متعلقہ افسر کو بے گناہ قرار دیتی ہے تو انہیں امید ہے کہ وہ دوبارہ عہدے پر بحال ہوجائیں گے۔
ملک میں مہنگائی اور معاشی صورت حال سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ زیادہ سیاسی بات نہیں کرنا چاہتے۔
