ملک میں حالیہ ہفتے 15 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوگئیں
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق 12 اشیاء سستی اور 24 کی قیمتیں مستحکم رہیں

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ملک میں مہنگائی میں مسلسل اضافے کے بعد حالیہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی واقع ہوگئی ہے، مہنگائی کی شرح میں اضافے کی رفتار میں 0.35 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی میں اضافے کی رفتار بھی کم ہوکر 11.32 ہوگئی ہے۔
حالیہ ایک ہفتے میں میں 15اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، 12 اشیاء سستی اور 24 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق حالیہ ہفتے آلو کی قیمتوں میں 3.27 فیصد، پیاز کی قیمتوں میں 0.62 فیصد، ٹماٹر کی قیمتوں میں 34.91 فیصد، دال چنا کی قیمتوں میں 2.11 فیصد، سادہ بریڈ کی قیمتوں میں 1.29 فیصد، ڈیزل کی قیمت میں 2.53 فیصد، جلانے والی لکڑی کی قیمت میں 0.20 فیصد، ویجی ٹیبل گھی کی قیمتوں میں 0.29 فیصد، دہی کی قیمت میں 0.46 فیصد اور دودھ کی قیمتوں میں 0.48 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں چینی کی قیمتوں میں 0.35 فیصد، چکن کی قیمت میں 2.95فیصد، انڈوں کی قیمتوں میں 2.81 فیصد، دال مسور کی قیمتوں میں 0.43 فیصد، ملک پاوڈر کی قیمتوں میں 0.33 فیصد، ایل پی جی کی قیمت میں 0.73 فیصد، پٹیرول کی قیمتوں میں 0.39 فیصد، آٹے کی قیمت میں 0.83 فیصد اور کیلوں کی قیمتوں میں 0.71 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.07 فیصد کمی کے ساتھ 8.07 فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.25 فیصد کمی کے ساتھ 9.92 فیصد اور 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.20 فیصد کمی کے ساتھ 8.95 فیصد رہی۔
اسی طرح، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.22 فیصد کمی کے ساتھ 9.51 فیصد اور 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 0.41 فیصد کمی کے ساتھ 12.13 فیصد رہی ہے۔
