فیول ریلیف اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے شہریوں کے لئے بڑی خبر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) فیول ریلیف اسکیم کا دائرہ کار وسیع کرنے پر غور کیا جارہا ہے ، جس سے مزید شہریوں کو مالی ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی قیمتوں سے عوام کو راحت فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت فیول ریلیف اسکیم کا دائرہ کار وسیع کرنے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت مستفید ہونے والوں کی تعداد 1 کروڑ 27 لاکھ سے بڑھا کر 2 کروڑ تک کی جا سکتی ہے، جس سے مزید شہریوں کو مالی ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کے مطابق پیٹرول ریلیف پروگرام میں توسیع کی تجویز زیر غور ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی عمل درآمد کی تاریخ کا اعلان ہوا۔

موجودہ اسکیم کے تحت اہل موٹر سائیکل سواروں، تھری وہیلر استعمال کرنے والوں اور 800 سی سی سے کم انجن والی گاڑیوں کے مالکان کو فی لیٹر 100 روپے تک پیٹرول ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے۔

حکومت بڑھتی ہوئی سفری لاگت کے باعث عوام پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے اسکیم کا دائرہ کار وسیع کرنے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔

مجوزہ توسیع منظور ہونے کی صورت میں مزید لاکھوں افراد اس سہولت سے مستفید ہوسکیں گے، تاہم ریلیف کی رقم، اہلیت کے معیار اور رجسٹریشن کے طریقہ کار میں تبدیلی سے متعلق تاحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

حکومت کی جانب سے باضابطہ اعلان تک موجودہ اسکیم کے قواعد و ضوابط برقرار رہیں گے۔

WhatsApp
Get Alert