این سی سی آئی اے کی بڑی کارروائی، آن لائن ڈیلیوری فراڈ میں ملوث گروہ بے نقاب

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے آن لائن ڈیلیوری فراڈ میں ملوث گروہ کو بے نقاب کردیا۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق ملزمان جعلی سمز، واٹس ایپ اور آن لائن اکاؤنٹس کے ذریعے شہریوں کو لوٹتے تھے، ملزمان خود کو سرکاری افسر ظاہر کرکے ڈرائیورز کو فراڈ کا نشانہ بناتے تھے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان راولپنڈی میں ریڈ زون کے قریبی علاقوں سے رائیڈ بک کرتے تھے، اسپتال بل اور ایمرجنسی کا جھانسہ دے کر ڈرائیورز سے رقم منگواتے تھے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان آن لائن رقم وصول کرکے رائیڈ کینسل کردیتے تھے اور رابطہ منقطع کردیتے تھے۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
این سی سی آئی اے نے ڈیلیوری سروسز سے وابستہ افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ شناخت کی تصدیق کریں اور کبھی بھی غیر تصدیق شدہ درخواستوں پر رقم منتقل نہ کریں۔
